گوجرانوالہ، سبسڈائزڈ پٹرول کی دستیابی اور مقررہ نرخوں پر فروخت یقینی بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ متحرک

وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر وزیر اعظم پٹرول ریلیف سکیم کے تحت شہریوں کو سبسڈائزڈ پٹرول کی بلاتعطل فراہمی اور مقررہ نرخوں پر فروخت یقینی بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے نگرانی کا عمل جاری ہے

گوجرانوالہ۔ 17 ستمبر (اے پی پی):وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر وزیر اعظم پٹرول ریلیف سکیم کے تحت شہریوں کو سبسڈائزڈ پٹرول کی بلاتعطل فراہمی اور مقررہ نرخوں پر فروخت یقینی بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے نگرانی کا عمل جاری ہے۔ اس سلسلہ میں کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن محمد علی اور ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نوید احمد نے سیالکوٹ روڈ پر واقع پٹرول پمپ کا دورہ کیا اور سبسڈائزڈ پٹرول کی دستیابی، مقررہ نرخوں پر فروخت اور شہریوں کو حکومتی ریلیف کی فراہمی کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔کمشنر محمد علی اور ڈپٹی کمشنر نوید احمد نے پٹرول کی فراہمی اور شہریوں کو ریلیف دینے کے عمل کا معائنہ کیا جبکہ موقع پر موجود شہریوں سے بھی حکومتی پٹرول ریلیف کی فراہمی کے حوالے سے معلومات حاصل کیں۔

شہریوں نے حکومت کی جانب سے فراہم کیے جانے والے ریلیف اقدام کو سراہا۔اس موقع پر کمشنر محمد علی اور ڈپٹی کمشنر نوید احمد نے پٹرول پمپ انتظامیہ کو ہدایت کی کہ سبسڈائزڈ پٹرول کی بلاتعطل دستیابی، مقررہ نرخوں پر فروخت اور شہریوں کو حکومتی ریلیف کی شفاف فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ریلیف کی فراہمی میں کسی قسم کی غفلت، کوتاہی یا بے ضابطگی برداشت نہیں کی جائے گی اور خلاف ورزی کی صورت میں ذمہ داران کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ پٹرول ریلیف سکیم پر عملدرآمد کی مؤثر نگرانی جاری رکھی جائے اور شہریوں کو حکومتی پالیسی کے مطابق ریلیف کی فراہمی میں کوئی رکاوٹ نہ آنے دی جائے۔