امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے روس پر نئی پابندیاں عائد کرنے کے بل پر دستخط کرکے اسے قانون کی شکل دے دی
امریکی صدر کے روس پر پابندیوں کے بل پر دستخط

مزید خبریں
واشنگٹن۔19ستمبر (اے پی پی):امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے روس پر نئی پابندیاں عائد کرنے کے بل پر دستخط کرکے اسے قانون کی شکل دے دی۔شنہوا کے مطابق وائٹ ہاؤس کے مطابق ’’لنڈسے او گراہم سینکشننگ رشیا اینڈ ایران ایکٹ 2026‘‘ کے تحت روس پر عائد پابندیوں، محصولات اور دیگر پابندیوں میں توسیع کی گئی ہے جبکہ ایران پر موجودہ پابندیوں کی مدت بھی بڑھا دی گئی ہے۔قانون کے تحت روسی حکام، بینکوں اور روسی توانائی کی ترسیل کے لیے استعمال ہونے والے بحری جہازوں پر پابندیاں عائد کی جائیں گی۔ اس کے علاوہ صدر ٹرمپ کو روسی تیل یا قدرتی گیس کے پانچ بڑے درآمد کنندگان سے آنے والی اشیا پر 100 فیصد تک محصولات عائد کرنے کا اختیار بھی دیا گیا ہے۔قانون کے تحت ایران کے توانائی اور اسلحہ کے شعبوں کو ہدف بنانے والی پابندیوں کو مزید پانچ سال کے لیے توسیع دی گئی ہے۔یہ قانون آنجہانی سینیٹر لنڈسے گراہم سے منسوب کیا جا رہا ہے، جنہوں نے اس قانون سازی کے لیے کوششیں کی تھیں اور جولائی میں اچانک علالت کے بعد انتقال کر گئے تھے۔امریکی ایوان نمائندگان نے یہ بل بدھ کو منظور کیا، جبکہ سینیٹ اس کی منظوری 7 اگست کو دے چکا تھا۔ ایوان نمائندگان میں بل پر سینیٹ کے مقابلے میں زیادہ اختلافات سامنے آئے۔ تین ڈیموکریٹ ارکان نے حالیہ مشترکہ بیان میں مؤقف اختیار کیا کہ یہ قانون فائدے کے بجائے زیادہ نقصان کا باعث بن سکتا ہے اور صدارتی محصولات کے اختیارات میں نمایاں توسیع کرے گا، جبکہ روس پر پابندیوں کو لازمی قرار نہیں دیتا۔







