امریکی صدر کا گرین لینڈ کی سکیورٹی پر امریکی کنٹرول کے معاہدے کا دعویٰ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا، ڈنمارک اور گرین لینڈ کے درمیان ایک معاہدہ طے پا گیا ہے، جس کے تحت امریکا کو گرین لینڈ کی سکیورٹی اور دیگر ضروریات کے حوالے سے مستقل اختیار حاصل ہوگا

واشنگٹن۔19ستمبر (اے پی پی):امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا، ڈنمارک اور گرین لینڈ کے درمیان ایک معاہدہ طے پا گیا ہے، جس کے تحت امریکا کو گرین لینڈ کی سکیورٹی اور دیگر ضروریات کے حوالے سے مستقل اختیار حاصل ہوگا۔شنہوا کے مطابق ڈونلڈٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’’ٹروتھ سوشل‘‘ پر کہا کہ ان کی ہدایت پر ڈنمارک اور گرین لینڈ کے نمائندوں کے ساتھ مل کر ایسا معاہدہ کیا گیا ہے جس کے تحت امریکا کو گرین لینڈ میں ضروری اقدامات کرنے کی مستقل صلاحیت حاصل ہوگی۔انہوں نے کہا کہ امریکا گرین لینڈ کے موزوں علاقوں میں بڑی فوجی موجودگی قائم کرنے کا عمل فوری طور پر شروع کرے گا۔امریکی صدر نے اس معاہدے کو ’’لامحدود مدت‘‘ کا قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کی کوئی میعاد ختم نہیں ہوگی اور اس پر امریکا کو کوئی لاگت نہیں آئے گی۔ تاہم معاہدے کا مکمل متن فوری طور پر جاری نہیں کیا گیا۔ڈنمارک کی وزیراعظم میٹے فریڈرکسن کے دفتر کے مطابق معاہدے پر آئندہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے دوران دستخط متوقع ہیں، جبکہ اس کے لیے متعلقہ قومی پارلیمانی طریقہ کار بھی مکمل کرنا ہوگا۔گرین لینڈ، مملکت ڈنمارک کے اندر ایک خودمختار علاقہ ہے۔ ٹرمپ کی جانب سے اس علاقے کو امریکا کا حصہ بنانے سے متعلق سابقہ بیانات کو ڈنمارک، گرین لینڈ اور متعدد یورپی ممالک کی جانب سے سخت مخالفت کا سامنا رہا ہے۔