شاہد رند اور بابر خان یوسفزئی کا دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی اورمغویوں کی بحفاظت بازیابی پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین
شاہد رند اور بابر خان یوسفزئی کا دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی اورمغویوں کی بحفاظت بازیابی پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین

مزید خبریں
کوئٹہ۔ 20 ستمبر (اے پی پی):وزیراعلیٰ بلوچستان کے معاون برائے اطلاعات و سیاسی امور شاہد رند اور معاون برائے داخلہ بابر خان یوسفزئی نے قلات کے قریب دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی کو سراہتے ہوئے سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔اپنے بیان میں شاہد رند اور بابر خان یوسفزئی نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے بروقت اور موثر کارروائی کرتے ہوئے پانچ دہشت گردوں کو ہلاک کیا، جبکہ دہشت گردوں کے قبضے سے 23 مغوی افراد کو بحفاظت بازیاب کرایا گیا، جو ایک اہم کامیابی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کی جانب سے قومی شاہراہ پر شہریوں کی پرامن آمدورفت میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش ناکام بنا دی گئی جبکہ اغوا برائے تاوان، بھتہ خوری اور گاڑیاں چھیننے میں ملوث عناصر کے خلاف مو ثرکارروائی کی گئی۔شاہد رند اور بابر یوسفزئی کے مطابق سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانوں سے چھ ٹرک، تین بسیں اور دو گاڑیاں برآمد کیں جبکہ بڑی مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی قبضے میں لیا گیا۔انہوں نے سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیت، آپریشنل استعداد اور بروقت کارروائی کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد عوام میں خوف و ہراس پیدا کرنے اور قومی شاہراہوں کو غیر محفوظ بنانے میں کامیاب نہیں ہوں گے۔
شاہد رند نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ریاستی ادارے اور عوام متحد ہیں، بلوچستان میں امن کے قیام اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی۔بابر خان یوسفزئی نے کہا کہ قلات کے قریب سکیورٹی فورسز کی کارروائی دہشت گردی کے خلاف موثر حکمتِ عملی کا ثبوت ہے۔ دہشت گردی کے سہولت کاروں اور معاونت فراہم کرنے والے عناصر کے خلاف بھی موثر اقدامات ناگزیر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا، جبکہ قیامِ امن کے لیے ریاستی ادارے پوری ذمہ داری اور عزم کے ساتھ فرائض انجام دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ غیر ملکی سرپرستی اور معاونت سے ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے مربوط کارروائیاں جاری رہیں گی اور بلوچستان میں امن دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں عوام کے تحفظ اور پائیدار امن کے مقصد سے جاری رکھی جائیں گی۔








