پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون کرکٹ ٹورنامنٹ کے دوسرے راؤنڈ کے تیسرے روز مختلف میدانوں میں دلچسپ مقابلے جاری رہے، پی ٹی وی کے محمد طحہٰ نے شاندار ڈبل سنچری اسکور کی جبکہ عمران رفیق اور عاصم علی ناصر نے سنچریاں بنا کر اپنی ٹیم کی پوزیشن مستحکم کر دی۔
پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون کرکٹ ٹورنامنٹ، دوسرے راؤنڈ کے تیسرے روز مختلف میدانوں میں دلچسپ مقابلے

مزید خبریں
راولپنڈی۔20ستمبر (اے پی پی):پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون کرکٹ ٹورنامنٹ کے دوسرے راؤنڈ کے تیسرے روز مختلف میدانوں میں دلچسپ مقابلے جاری رہے، پی ٹی وی کے محمد طحہٰ نے شاندار ڈبل سنچری اسکور کی جبکہ عمران رفیق اور عاصم علی ناصر نے سنچریاں بنا کر اپنی ٹیم کی پوزیشن مستحکم کر دی۔
پی سی بی کی طرف سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق ڈائمنڈ گراؤنڈ میں غنی کی ٹیم نے ایس این جی پی ایل کو ایک اننگز اور 14 رنز سے شکست دے دی۔ ایس این جی پی ایل نے تیسرے دن کا آغاز دو وکٹوں کے نقصان پر 108 رنز سے کیا تاہم پوری ٹیم دوسری اننگز میں 243 رنز پر آؤٹ ہو گئی، سمیر منہاس 96 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ خرم شہزاد نے پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ شعیب اختر سٹیڈیم میں کے آر ایل نے ایم آئی ٹی سلوشنز کے خلاف عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔
کے آر ایل نے تیسرے دن کا آغاز 3 وکٹوں کے نقصان پر 140 رنز سے کیا اور عمران رفیق اور عاصم علی ناصر کی سنچریوں کی بدولت کھیل کے اختتام تک 5 وکٹوں کے نقصان پر 423 رنز بنا لیے۔ ایبٹ آباد سٹیڈیم میں پی ٹی وی کی ٹیم سٹیٹ بینک کے خلاف اپنی پہلی اننگز میں 469 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، محمد طحہٰ نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 225 رنز بنائے۔
جواب میں سٹیٹ بینک کی ٹیم مشکلات کا شکار ہے اور کھیل کے اختتام تک دوسری اننگز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 84 رنز بنا سکی۔ پشاور میں کنگز مین اکیڈمی نے دوسری اننگز میں 35 رنز بغیر کسی نقصان کے ساتھ دن کا آغاز کیا تاہم پوری ٹیم 203 رنز پر آؤٹ ہو گئی اور مجموعی طور پر 120 رنز کی برتری حاصل کی۔ او جی ڈی سی ایل نے 121 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کھیل کے اختتام تک ایک وکٹ کے نقصان پر 85 رنز بنا لیے۔ او جی ڈی سی ایل کے محمد سلمان اور اسپنر دانش عزیز نے چار ، چار وکٹیں حاصل کیں۔








