انسداد پولیو مہم کل سے شروع ہوگی

انسداد پولیو مہم کل پیر 21ستمبر سے شروع ہوگی اور27ستمبر تک جاری رہے گی،جس میں پانچ سال تک کی عمر کے 25لاکھ بچوں کی ویکسی نینشن کی جائے گی۔

کراچی۔ 20 ستمبر (اے پی پی):انسداد پولیو مہم کل پیر 21ستمبر سے شروع ہوگی اور27ستمبر تک جاری رہے گی،جس میں پانچ سال تک کی عمر کے 25لاکھ بچوں کی ویکسی نینشن کی جائے گی۔

جاری اعلامیہ کے مطابق کمشنر کراچی پولیو ٹاسک فورس کے کوآرڈینٹر سعود یعقوب نے کمشنر کراچی سید حسن نقوی کواس حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ متعلقہ ای او سی، ہیلتھ افسران ،پو لیو ٹیموں، ایریا انچارجز مختلف محکموں کے خصوصی طور پر متعین افراد اورعالمی پارٹنر ز کے نمائندوں کے ساتھ ڈپٹی کمشنرز کی مشاورت سے تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ کمیونٹی کے لوگوں سے بھی رابطہ ہے اور ان سے بھی مدد لی جارہی ہے ۔

کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے تمام ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ فیلڈ میں رہیں اورانہیں پروگریس سے آگاہ رکھیں۔انہوںنے کہا کہ ڈپٹی کمشنرز روزانہ صبح ٹیموں کی تعیناتی، سیکورٹی انتظامات اور عالمی پارٹنرز کے ساتھ رابطہ میں انہیں ہر ممکنہ معاونت فراہم کریں۔کمشنر کراچی نے ڈپٹی کمشنرز کو سو فیصد ویکسی نینشن کا ہدف دیا ہے۔

کمشنر کراچی کو بتایا گیا کہ پولیو ورکرز کی بریفنگ اور تربیت کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے اور بتایا گیا کہ ڈاکٹروں سے ملاقاتوں اور جرگہ اجلاس منعقد کئے گیے ہیںاور ٹیموں کو ہدایت کی گئی ہے کہ کم کوریج والے علاقوں میں پہلے دن سے ہی خصوصی سپورٹ فراہم کی جائے گی اور ٹیموں کو صبح 8 سے 9 بجے کے درمیان فیلڈ میں روانہ کیا جائے گا۔

 

مزید خبریں