قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی میں ”رائز اینڈ شائن ڈے ” کا انعقاد

قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی میں ”رائز اینڈ شائن ڈے ” کا انعقاد

گلگت۔ 21 ستمبر (اے پی پی):قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی (کے آئی یو) کے سکول آف کمپیوٹنگ اینڈ ایمرجنگ ٹیکنالوجیز کی کمپیوٹنگ سائنس سوسائٹی کے زیر اہتمام ”رائز اینڈ شائن ڈے ” کی پروقار تقریب منعقد ہوئی۔ پیر کو منعقدہ تقریب کا مقصد سوسائٹی کا باقاعدہ تعارف کرانا اور طلبہ کو اساتذہ اور اپنے ساتھی طلبہ سے تبادلہ خیال کا موقع فراہم کرنا تھا۔ تقریب میں طلبہ کی بڑی تعداد کے ساتھ اساتذہ اور انتظامی افسران نے بھی شرکت کی۔ وائس چانسلر کے آئی یو پروفیسر ڈاکٹر رزاق نے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔اپنے خطاب میں وائس چانسلر نے کہا کہ تعلیم کے ساتھ اخلاق اور تربیت لازم ہیں۔

جامعہ کی جانب سے شمولیتی تعلیم کے عزم کو اجاگر کرتے ہوئے وائس چانسلر نے بتایا کہ کوئی بھی طالب علم مالی مشکلات کے باعث اعلیٰ تعلیم سے محروم نہ رہے اس مقصد کے لیے یونیورسٹی میں 14 مختلف اقسام کے وظائف دیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر کمپیوٹر سائنس کی ڈگریوں کی تصدیق سے متعلق گردش کرنے والی بے بنیاد باتوں کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے انہیں حقائق کے منافی قرار دیا۔ انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ کمپیوٹر سائنس کے شعبے میں نئے داخلے بہت جلد شروع کیے جائیں گے۔

انہوں نے طلبہ کو معیاری تعلیم اور سہولیات میں مزید بہتری کی یقین دہانی کرائی۔تقریب سے ڈائریکٹر اکیڈمک ڈاکٹر سجاد حسین، ڈاکٹر آفتاب احمد خان، سید نجم الحسن، سکول آف کمپیوٹنگ اینڈ ایمرجنگ ٹیکنالوجیز کے ڈائریکٹر ڈاکٹر ثابت رحیم اور ڈاکٹر پونم الماس نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے جدت، تعلیمی معیار میں بہتری اور ہم نصابی سرگرمیوں میں طلبہ کی فعال شرکت کی اہمیت پر زور دیا۔ طلبہ نے نو تشکیل شدہ کمپیوٹنگ سائنس سوسائٹی پر خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ اس پلیٹ فارم سے کمپیوٹنگ اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کے شعبے میں سیکھنے، رابطے بڑھانے اور پیشہ ورانہ ترقی کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

مزید خبریں