اسلام آباد ۔ 14 دسمبر (اے پی پی) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ ای سی او ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت اور مشترکہ منصوبوں میں باہمی تعاون کے بے پناہ امکانات موجود ہیں جن سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے لیے خطے کے ممالک کے درمیان تعاون میں مزید اضافے کی ضرورت ہے تاکہ یورپ اور ایشیا کے درمیان ابھرتی ہوئی اقتصادی راہداری کے فوائد سے بھرپور طریقے …
صدر مملکت ممنون حسین کا اقتصادی تعاون تنظیم کی علاقائی منصوبہ بندی کونسل میں شریک مندوبین کے اعزاز میں عشائیے سے خطاب

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 14 دسمبر (اے پی پی) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ ای سی او ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت اور مشترکہ منصوبوں میں باہمی تعاون کے بے پناہ امکانات موجود ہیں جن سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے لیے خطے کے ممالک کے درمیان تعاون میں مزید اضافے کی ضرورت ہے تاکہ یورپ اور ایشیا کے درمیان ابھرتی ہوئی اقتصادی راہداری کے فوائد سے بھرپور طریقے سے فائدہ اٹھایا جاسکے۔ صدر مملکت نے یہ بات اقتصادی تعاون تنظیم کی علاقائی منصوبہ بندی کونسل میں شریک مندوبین کے اعزاز میں عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن سرتاج عزیز اور ای سی او کے سیکرٹری جنرل خلیل آقچا نے بھی خطاب کیا۔ صدر ممنون حسین نے کہا کہ اقتصادی تعاون تنظیم آزادانہ تجارت، انفراسٹرکچر کی تعمیر اور توانائی کے شعبے میں باہمی اشتراک کے ذریعے خطے کے درمیان قربت میں اضافے اور عوام کی فلاح و بہبود کے عظیم مقصد کے پیشِ نظر قائم کی گئی تھی۔ میں سمجھتا ہوں کہ اس خطے میں سماجی و اقتصادی ترقی کے بے پناہ امکانات موجود ہیں، لہٰذا یہ وقت کی ضرورت ہے کہ خوشحالی کے اجتماعی مقصد کے حصول کی خاطر علاقائی اقتصادی رشتوں کو مزیدفعال کیا جائے۔ تنظیم کی سلور جوبلی تقریبات نے تنظیم کے مقاصداور اہداف کے حصول کے سلسلے میں تجدید عہد کا موقع فراہم کر دیا ہے جو خوش آئند ہے۔








