سندھ حکومت خصوصی بچوں کی تعلیم، بحالی اور بااختیاری کے انقلابی اقدامات کر رہی ہے،شرجیل انعام میمن
سندھ حکومت خصوصی بچوں کی تعلیم، بحالی اور بااختیاری کے انقلابی اقدامات کر رہی ہے،شرجیل انعام میمن

مزید خبریں
کراچی۔ 22 ستمبر (اے پی پی):سندھ کے سینئر وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ سندھ حکومت خصوصی بچوں کی تعلیم، بحالی اور بااختیاری کے انقلابی اقدامات کر رہی ہے۔منگل کو جاری اعلامیہ کے مطابق انہوں نے کہا کہ صوبے کے 67خصوصی تعلیمی اداروں میں تقریباً 20ہزار طلبہ زیر تعلیم ہیں، خصوصی تعلیمی اداروں میں مفت تعلیم کے ساتھ بحالی، فزیوتھراپی، سپیچ تھراپی، ٹرانسپورٹ کے ساتھ ماہانہ 3ہزار روپے وظیفہ فراہم کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ خصوصی بچوں کیلئے 37اسپیشل ایجوکیشن اینڈ ری ہیبلیٹیشن سینٹرز میں 49جدید ڈیجیٹل کلاس رومز کا قیام ایک اہم پیش رفت ہے، ڈیجیٹل کلاس رومز سے تقریباً 754سماعت سے محروم طلبہ کو فائدہ پہنچے گا جنہیں خصوصی تعلیمی سہولیات تک رسائی میں مشکلات کا سامنا تھا۔انہوں نے کہا کہ سندھ بھر میں قائم کیے گئے ،20 سیٹلائٹ سکولز کے ذریعے تقریبا 476 ایسے بچوں کو تعلیمی مواقع میسر آئیں گے، ڈیجیٹل کلاس رومز میں سمارٹ بورڈز، ای لرننگ ٹولز اور جدید تعلیمی سہولیات فراہم کی گئی ہیں، حکومتی اقدامات سے خصوصی بچوں کیلئے جدید تدریسی وسائل تک رسائی میں اضافہ ہوگا۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ 20 سیٹلائٹ سکولز کا مقصد تعلیم کو ان علاقوں تک پہنچانا ہے جہاں خصوصی بچوں کی خصوصی تعلیمی مراکز تک رسائی محدود ہے، حکومت کی جانب سے سائن لینگویج ٹیچرز ٹریننگ پروگرام شروع کیا گیا ہے، جس سے اساتذہ کی پیشہ ورانہ استعداد میں اضافہ ہوگا، ڈیجیٹل کلاس رومز، سیٹلائٹ اسکولز اور سائن لینگویج ٹیچرز ٹریننگ پروگرام کو وسعت دینا حکومتی ترجیحات میں شامل ہے۔








