وزیراعظم آزادکشمیر افتخار گیلانی کی زیر صدارت اے جے کے پورٹل کے حوالے سے اجلاس
وزیراعظم آزادکشمیر افتخار گیلانی کی زیر صدارت اے جے کے پورٹل کے حوالے سے اجلاس

مزید خبریں
مظفر آباد۔ 22 ستمبر (اے پی پی):وزیراعظم آزادکشمیر افتخار گیلانی کی زیر صدارت اے جے کے پورٹل کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں پرنسپل سیکرٹری عدنان خورشید، سیکرٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی و اطلاعات محمد راشد حنیف، پنجاب آئی ٹی بورڈ کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل محمد کاشف فاروق، پروگرام منیجر نورین انور اور وقار علی نے شرکت کی۔ اجلاس میں اے جے کے پورٹل کے قیام، اب تک کی پیش رفت اور شہریوں کو آن لائن سرکاری سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے وزیراعظم کو بریفنگ دی گئی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم افتخار گیلانی نے کہا کہ حکومت عوام کو جدید، آسان اور شفاف ڈیجیٹل سہولیات کی فراہمی کے لیے اے جے کے ڈیجیٹل پورٹل شروع کرنے جارہی ہے جس کے ذریعے شہری دنیا کے کسی بھی حصے میں بیٹھ کر حکومت آزادکشمیر کی مختلف سروسز سے استفادہ کرسکیں گے۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ اے جے کے پورٹل کو جلد از جلد فعال کیا جائے اور ابتدائی طور پر وہ تمام سرکاری سروسز پورٹل پر فراہم کی جائیں جو حکومت فوری طور پر آن لائن مہیا کرسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو سرکاری اداروں کے چکر لگانے کے بجائے زیادہ سے زیادہ سہولیات ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے ذریعے فراہم کی جائیں۔ ڈیجیٹل گورننس کے فروغ کے لیے پنجاب آئی ٹی بورڈ کے تجربات سے استفادہ کیا جائے گا۔ حکومت کا مقصد جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے سرکاری خدمات کو عوام کے لیے مزید آسان، تیز اور قابل رسائی بنانا ہے۔








