سماعت سے محروم افراد بھی دینی و دنیوی تعلیم کے حق دار ہیں، رفیق نجم

اشاروں کی زبان کے عالمی دن کے موقع پر منہاج القرآن انٹرنیشنل کے نائب ناظم اعلی تنظیمات ڈاکٹر رفیق نجم نے کہا ہے کہ اسلام مساوات کا درس دیتا ہے،سماعت کی نعمت سے محروم افراد بھی اسی طرح سوسائٹی کا رکن ہیں،جس طرح باقی لوگ ہیں

لاہور۔22ستمبر (اے پی پی):اشاروں کی زبان کے عالمی دن کے موقع پر منہاج القرآن انٹرنیشنل کے نائب ناظم اعلی تنظیمات ڈاکٹر رفیق نجم نے کہا ہے کہ اسلام مساوات کا درس دیتا ہے،سماعت کی نعمت سے محروم افراد بھی اسی طرح سوسائٹی کا رکن ہیں،جس طرح باقی لوگ ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں جاری اپنے ایک بیان میں کیا ۔انہوں نے کہا کہ فلاحی اداروں، تحریکوں،جماعتوں اور صاحب حیثیت افراد کی یہ اخلاقی و انسانی ذمہ داری ہے کہ وہ ایسے افراد کی تعلیم و تربیت اور انکی اس کمزوری کو تکنیکی ٹولز کے ساتھ دور کر کے انہیں اجتماعی تعلیم و ترقی کا حصہ بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ جدید سائنس سے اشاروں کی زبان کو بہت ترقی ملی ہے اور صاحب حیثیت افراد کے تعاون اور توجہ سے اس کا دائرہ کار بڑھایا جا سکتا۔

انہوں نے کہا کہ یہ امر خوش آئند ہے کہ تحریک منہاج القرآن کے بانی ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے ہر عمر اور طبقہ فکر کے افراد کی تعلیم و تربیت کیلئے مختلف پراجیکٹس شروع کروائے ہیں،جن میں بچے، خواتین، بزرگ شامل ہیں،ان کی خصوصی ہدایت پر سماعت سے محروم افراد کیلئے دین سیکھنے کا ایک آن لائن پروگرام متعارف کروایا گیا ہے جس میں اشاروں کی زبان کے ماہر کی مدد سے دینی تعلیم کو سماعت سے محروم افراد تک پہنچایا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ دینی تعلیم ہو یا دنیاوی اشاروں کی زبان کے ذریعے محروم افراد کو ایجوکیٹ کرنا فی زمانہ ایک ناگزیر ضرورت ہے۔