لاڑکانہ پولیس نے ایس ایس پی اظہر خان کی ہدایات پر جرائم پیشہ عناصر اور منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھتے ہوئے مختلف کارروائیوں میں اشتہاری اور منشیات فروش ملزمان کو گرفتار کرکے منشیات برآمد کرلی جبکہ سوشل میڈیا پر پولیس اہلکار بہرام کٹوہر کو زخمی کیے جانے سے متعلق گردش کرنے والی خبر کی بھی وضاحت کردی ہے۔
لاڑکانہ پولیس کی مختلف کارروائیاں، اشتہاری ملزم سمیت 2 منشیات فروش گرفتار

مزید خبریں
لاڑکانہ۔ 25 ستمبر (اے پی پی):لاڑکانہ پولیس نے ایس ایس پی اظہر خان کی ہدایات پر جرائم پیشہ عناصر اور منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھتے ہوئے مختلف کارروائیوں میں اشتہاری اور منشیات فروش ملزمان کو گرفتار کرکے منشیات برآمد کرلی جبکہ سوشل میڈیا پر پولیس اہلکار بہرام کٹوہر کو زخمی کیے جانے سے متعلق گردش کرنے والی خبر کی بھی وضاحت کردی ہے۔
شعبہ اطلاعات لاڑکانہ پولیس کے مطابق سوشل میڈیا پر پولیس اہلکار بہرام کٹوہر کو زخمی کیے جانے سے متعلق گردش کرنے والی خبر کا تعلق ضلع لاڑکانہ سے نہیں ہے۔ پولیس کے مطابق مذکورہ واقعہ بلوچستان کے ضلع ڈیرہ مراد جمالی کی حدود ٹیپل میں پیش آیا، جبکہ سوشل میڈیا پر اسے گاؤں وڈا بوسن، ضلع لاڑکانہ سے منسوب کیا گیا جو حقائق پر مبنی نہیں۔پولیس کے مطابق مذکورہ زخمی اہلکار کا علاج لاڑکانہ کے ٹراما سینٹر میں جاری ہے۔ ایس ایس پی لاڑکانہ اظہر خان نے زخمی پولیس جوان کے علاج معالجے کا خصوصی خیال رکھنے کے لیے ویلفیئر انچارج کو ٹراما سینٹر میں موجود رہنے اور ہر ممکن معاونت فراہم کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔
پولیس نے واضح کیا ہے کہ ضلع لاڑکانہ کی حدود میں اس نوعیت کا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا۔دوسری جانب لاڑکانہ پولیس نے تھانہ عاقل کی حدود پیر شیر بائی پاس پر کارروائی کرتے ہوئے قتل کے مقدمے میں مطلوب اشتہاری ملزم حبیب جتوئی کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزم اپنے بھائی کے قتل کے مقدمے میں سال 2024ء سے اشتہاری قرار دیا گیا تھا۔ پولیس نے ملزم کا کرمنل ریکارڈ چیک کرنے سمیت مزید قانونی و ضابطہ کی کارروائیاں شروع کردی ہیں۔ادھر ایس ایس پی لاڑکانہ اظہر خان کی منشیات کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت رتوڈیرو پولیس نے بھی کارروائی کرتے ہوئے دو منشیات فروش ملزمان کو گرفتار کرکے بڑی مقدار میں منشیات برآمد کرلی۔
پولیس کے مطابق رتوڈیرو تھانے کی حدود سٹیڈیم والے علاقے میں کارروائی کے دوران ملزم شمس الدین عاربانی کو ایک کلو سے زائد چرس اور 55 پڑیاں آئس سمیت گرفتار کیا گیا، جبکہ دوسری کارروائی میں ملزم شفیع محمد کلہوڑو قاضی کو ایک کلو سے زائد چرس اور 45 پڑیاں ہیروئن سمیت گرفتار کرلیا گیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار دونوں ملزمان مبینہ طور پر منشیات کی سپلائی میں ملوث تھے۔
گرفتار ڈرگ سپلائرز سے خریداروں، مقامی ڈیلرز اور سہولت کاروں سے متعلق پوچھ گچھ جاری ہے، جبکہ ملزمان کا سابقہ کرمنل ریکارڈ بھی چیک کیا جا رہا ہے۔ایس ایس پی لاڑکانہ اظہر خان کے مطابق منشیات کے خاتمے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی، جبکہ گرفتار ملزمان کے خلاف قانون کے مطابق مزید کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔








