صوبائی محتسب پنجاب کی جانب سے عوامی مسائل کے حل اور شہریوں کو ان کے حقوق و شکایات کے طریقہ کار سے آگاہ کرنے کے لئے یونین کونسل نمبر 100 فیروز پور، ٹالی والا، نزد تھل والا، قصبہ مڑل ملتان میں عوامی آگاہی مہم کا انعقاد کیا گیا۔
عوامی شکایات کے فوری ازالے کیلئے محتسب پنجاب کی عوامی آگاہی مہم، شہریوں کو حقوق اور شکایات کے اندراج کے طریقہ کار سے آگاہ کیا گیا

مزید خبریں
ملتان۔ 25 ستمبر (اے پی پی):صوبائی محتسب پنجاب کی جانب سے عوامی مسائل کے حل اور شہریوں کو ان کے حقوق و شکایات کے طریقہ کار سے آگاہ کرنے کے لئے یونین کونسل نمبر 100 فیروز پور، ٹالی والا، نزد تھل والا، قصبہ مڑل ملتان میں عوامی آگاہی مہم کا انعقاد کیا گیا۔ مہم کے دوران مشیرانِ محتسب پنجاب محمود جاوید بھٹی اور وقار حسین نے شہریوں کو محتسب کے ادارے شکایات کے اندراج اور مسائل کے حوالے سے تفصیلی آگاہی فراہم کی جبکہ موقع پر ہی موصول ہونے والی شکایات پر متعلقہ محکموں کو ضروری ہدایات اور احکامات بھی جاری کئے گئے ۔انہوں نے اس موقع پر شہریوں کو آگاہ کرتے ہوئےکہا کہ صوبائی محتسب پنجاب کا ادارہ صوبے کے تمام سرکاری محکموں کے متعلق شہریوں کی شکایات کے فوری ازالے کے لیے کوشاں ہے، جہاں شہری بغیر کسی وکیل کی خدمات حاصل کیے اپنی شکایات درج کرا سکتے ہیں اور ان کے مسائل کو قلیل مدت میں حل کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ عوام الناس کسی بھی صوبائی محکمے کی بد انتظامی کے خلاف شکایت کی صورت میں صوبائی محتسب پنجاب کے علاقائی دفتر یا صدر دفتر لاہور میں اپنی شکایت ذاتی طور پر جمع کرانے کے علاوہ بذریعہ ہیلپ لائن 1050، ویب سائٹ یا ڈاک سے بھی ارسال کر سکتے ہیں۔انہوں نے ادارہ صوبائی محتسب پنجاب کے اغراض و مقاصد، افادیت اور کارکردگی کے حوالے سے بھی صوبائی محتسب پنجاب کے وژن اور ہدایات پر عمل کرتے ہوئے عوام کو انصاف کی فراہمی کے لیے صوبہ بھر میں قائم علاقائی دفاتر کے ذریعے شہریوں کو ان کی دہلیز پر انصاف کی فراہمی کے لیے ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے۔ شہریوں نے محتسب پنجاب کی عوامی آگاہی کے حوالے سے کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ادارے کی معاونت سے عوام میں اپنی شکایات کے ازالے اور دستیاب قانونی و انتظامی فورمز کے حوالے سے شعور بیدار ہو رہا ہے۔ اس موقع پر محتسب پنجاب ملتان کے اسسٹنٹ ایسوسی ایٹ معاذ حسن بختیار اور دیگر محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔








