امریکہ-چین بزنس کونسل کے صدر شان اسٹین نے کہا ہے کہ چین اور امریکہ کے صدور کے درمیان ملاقات ہمیشہ مثبت اثرات مرتب کرتی ہے، موجودہ تاریخی مرحلے میں دونوں رہنماؤں کے درمیان رابطے اور بات چیت کا کوئی متبادل نہیں ہے
امریکہ اور چین کے درمیان اسٹریٹجک استحکام برقرار رہناپوری دنیا کے مفاد میں ہے،شان اسٹین

مزید خبریں
واشنگٹن۔25ستمبر (اے پی پی):امریکہ-چین بزنس کونسل کے صدر شان اسٹین نے کہا ہے کہ چین اور امریکہ کے صدور کے درمیان ملاقات ہمیشہ مثبت اثرات مرتب کرتی ہے، موجودہ تاریخی مرحلے میں دونوں رہنماؤں کے درمیان رابطے اور بات چیت کا کوئی متبادل نہیں ہے۔اپنے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ دنیا اکثر یہ سمجھتی ہے کہ کاروباری حلقے صرف ٹھوس نتائج کے خواہاں ہوتے ہیں اور بڑے پیمانے پر خریداری کے معاہدوں جیسی خبروں کا انتظار کرتے ہیں، یہ چیزیں یقیناً اچھی ہیں لیکن یہ کاروباری حلقوں کی اصل خواہش نہیں، ہم چاہتے ہیں کہ امریکہ اور چین کے درمیان اسٹریٹجک استحکام برقرار رہے اور دونوں ممالک کے دوطرفہ تعلقات کی فضا میں مزید بہتر آئے،باہمی اعتماد میں اضافہ ہو اور رابطے مزید مضبوط ہوں۔امریکہ-چین تعلقات کی عالمی اہمیت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ یقین رکھتے ہیں کہ امریکہ-چین تعلقات کا استحکام نہ صرف دونوں ممالک بلکہ پوری دنیا کے لیے فائدہ مند ہے، خواہ وہ آسیان کے ممالک ہوں، گلوبل ساؤتھ کے ممالک، یورپی ممالک یا لاطینی امریکی ممالک، تمام ممالک اس بات کو بخوبی سمجھتے ہیں کہ امریکہ اور چین کے درمیان مستحکم تعلقات کتنے اہم ہیں۔ تعمیراتی اسٹریٹجک استحکام پر مبنی امریکہ-چین تعلقات کے قیام کے حوالے سے شان اسٹین نے کہا کہ ایسے تعلقات کی تعمیر کے لیے مسلسل محنت درکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری حلقے بھی اپنا کردار ادا کریں گے تاکہ امریکہ-چین دوطرفہ تعلقات درست اور مستحکم راستے پر گامزن رہیں








