صوبائی وزیر خزانہ میر شعیب نوشیروانی کی زیر صدارت سوشو پولیٹیکل اسٹیئرنگ کمیٹی کا چوتھا اجلاس منعقد ہوا
صوبائی وزیر میر شعیب نوشیروانی کی زیر صدارت سوشو پولیٹیکل اسٹیئرنگ کمیٹی کا چوتھا اجلاس

مزید خبریں
کوئٹہ۔ 25 ستمبر (اے پی پی):صوبائی وزیر خزانہ میر شعیب نوشیروانی کی زیر صدارت سوشو پولیٹیکل اسٹیئرنگ کمیٹی کا چوتھا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات زاہد سلیم، ایڈیشنل سیکرٹری خزانہ حافظ محمد قاسم سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران صوبائی وزیر خزانہ کو گزشتہ اجلاس میں کئے گئے فیصلوں پر ہونے والی پیش رفت اور مختلف اقدامات پر عملدرآمد کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔کمیٹی کے چیئرمین صوبائی وزیر میر شعیب نوشیروانی نے نوجوانوں کی مثبت سرگرمیوں، تعلیم اور ہنر مندی کے فروغ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو سکل ڈویلپمنٹ پروگرامز کے ذریعے بااختیار اور حوصلہ افزائی دینی چاہیے تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے معاشرے کی ترقی میں مؤثر مثبت کردار ادا کر سکیں۔
اجلاس میں بی ایس ڈی آئی پروجیکٹ کے فیز ٹو کی تکمیل پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ اجلاس میں اس امید کا اظہار کیا گیا کہ منصوبے کے آئندہ مراحل میں بھی کام کی رفتار اور معیار کو برقرار رکھتے ہوئے مقررہ اہداف حاصل کئے جائیں گے۔صوبائی وزیر میر شعیب نوشیروانی نے فوکل پرسن کو ہدایت کی کہ متعلقہ اداروں سے فیصلوں پر ہونے والی پیش رفت کی ماہانہ بنیادوں پر رپورٹ مرتب کی جائے اور وفاقی حکومت کو بروقت آگاہ کیا جائے تاکہ فیصلوں پر عملدرآمد کے عمل کو مؤثر انداز میں آگے بڑھایا جا سکے۔








