این اے 168 میں ضمنی انتخاب
این اے 168 میں ضمنی انتخاب کے سلسلے میں انتخابی تیاریوں کا عمل جاری

مزید خبریں
لاہور۔26ستمبر (اے پی پی):این اے 168 بہاولپور میں آج بروز اتوار ہونے والے ضمنی انتخاب کے سلسلے میں انتخابی تیاریوں کا عمل جاری ہے جبکہ پولنگ اسٹاف کو انتخابی سامان کی تقسیم شروع کر دی گئی ہے۔ حلقے کے4 لاکھ83 ہزار 143 رجسٹرڈ ووٹرز کل اپنے حقِ رائے دہی کا استعمال کریں گے۔ ترجمان صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب کے مطابق حلقہ این اے 168 بہاولپور میں مجموعی طور پر 292 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں، جن میں 130 مردانہ، 130 زنانہ اور32 مشترکہ پولنگ اسٹیشنز شامل ہیں۔
حلقے میں رجسٹرڈ ووٹرز میں 2 لاکھ 48 ہزار 529 مرد اور 2 لاکھ 34 ہزار 614 خواتین ووٹرز شامل ہیں۔ضمنی انتخاب کے شفاف اور منظم انعقاد کے لیے 307 پریذائیڈنگ افسران جبکہ941 پولنگ افسران اور اسسٹنٹ پریذائیڈنگ افسران تعینات کیے گئے ہیں۔ انتخابی عمل کے دوران پولنگ اسٹاف کو ضروری انتخابی سامان کی فراہمی اور متعلقہ پولنگ اسٹیشنز تک ترسیل کا عمل جاری ہے۔
ترجمان کے مطابق ووٹرز اور عوام الناس کی شکایات کے فوری ازالے کے لیے صوبائی سطح پر کنٹرول روم بھی قائم کر دیا گیا ہے، جو انتخابی عمل کے دوران 24 گھنٹے فعال رہے گا۔ حلقہ این اے 168 بہاولپور کے ووٹرز انتخابی عمل سے متعلق کسی شکایت کی صورت میں کنٹرول روم کے نمبرز 042-99212620 ،042-99212209 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔








