مراکش کی سعودی عرب کے خلاف حملوں کی مذمت،خطرات کے مقابلے میں مملکت کی مستقل حمایت کا اعادہ

مراکش کے شاہ محمد ششم نے سعودی عرب کے خلاف حملوں کی شدید مذمت کی ہے، ان حملوں میں شہری اور اقتصادی تنصیبات اور انفرا سٹرکچر کو نشانہ بنایا گیا۔

رباط۔28ستمبر (اے پی پی):مراکش کے شاہ محمد ششم نے سعودی عرب کے خلاف حملوں کی شدید مذمت کی ہے، ان حملوں میں شہری اور اقتصادی تنصیبات اور انفرا سٹرکچر کو نشانہ بنایا گیا۔

ایس پی اے کے مطابق مراکش کے فرمانروا شاہ محمد ششم نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو دو الگ الگ پیغامات بھیجے ہیں جن میں کہا ہے کہ موجودہ حالات میں تاریخی ذمہ داری، دینی اقدار اور سٹریٹجک تقاضے ہم سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ہم حق خودمختاری، سلامتی اور ملت اسلامیہ کے مقدسات کے دفاع کے لیے متحد ہو کر کھڑے ہوں۔

شاہ محمد ششم نے واضح کیا کہ سعودی عرب کی سلامتی اور استحکام مراکش کی اپنی سلامتی کا حصہ ہے، مملکت پر کوئی بھی حملہ مراکش پرحملے کے مترادف ہے۔انہوں نے سعودی عرب کو درپیش خطرات کے مقابلے میں مراکش کی مستقل حمایت کا اعادہ بھی کیا۔