برینڈن میک نلٹی 33 سال میں ورلڈ روڈ ریس کے فاتح بننے والے پہلے امریکی بن گئے

مونٹریال میں منعقدہ سائیکلنگ ورلڈ روڈ ریس میں برینڈن میک نلٹی نے شاندار کامیابی حاصل کر کے 33 سال بعد یہ عالمی ٹائٹل اپنے نام کرنے والے پہلے امریکی سائیکلسٹ ہونے کا اعزاز حاصل کر لیا۔بی بی سی کے مطابق 28 سالہ برینڈن میک نلٹی نے 273.4 کلومیٹر کا انتہائی کٹھن فاصلہ 6 گھنٹے اور 17 منٹ میں طے کیا اور قریبی حریفوں پر 13 سیکنڈ کی برتری حاصل کرتے …

مونٹریال۔28ستمبر (اے پی پی):مونٹریال میں منعقدہ سائیکلنگ ورلڈ روڈ ریس میں برینڈن میک نلٹی نے شاندار کامیابی حاصل کر کے 33 سال بعد یہ عالمی ٹائٹل اپنے نام کرنے والے پہلے امریکی سائیکلسٹ ہونے کا اعزاز حاصل کر لیا۔بی بی سی کے مطابق 28 سالہ برینڈن میک نلٹی نے 273.4 کلومیٹر کا انتہائی کٹھن فاصلہ 6 گھنٹے اور 17 منٹ میں طے کیا اور قریبی حریفوں پر 13 سیکنڈ کی برتری حاصل کرتے ہوئے فائنل لائن پار کی۔

سائیکلنگ ورلڈ روڈ ریس آسٹریلیا کے مائیکل میتھیوز دوسرے جبکہ نیدرلینڈز کے سابق چیمپئن میتھیو وان ڈیر پوئیل تیسرے نمبر پر رہے۔اس سے قبل آخری بار 1993 میں لانس آرمسٹرانگ نے امریکہ کے لئے یہ عالمی ٹائٹل جیتا تھا۔فتح کے بعد بات کرتے ہوئے برینڈن میک نلٹی کا کہنا تھا کہ آخری 800 میٹر تک انہیں اپنی کامیابی کا یقین نہیں آ رہا تھا کیونکہ وہ حد درجہ تھک چکے تھے اور ان کے پاس خوشی کا اظہار کرنے کے لیے الفاظ نہیں ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ انہیں معلوم تھا کہ کچھ نہ کچھ معجزہ ہی انہیں جتا سکتا ہے اور آج وہ معجزہ ہو گیا۔برینڈن میک نلٹی نے ریس کے آخری 30 کلومیٹر میں پیش قدمی کی اور آخری لیپ تک پہنچتے ہوئے 50 سیکنڈز کی برتری حاصل کر لی تھی۔ اگرچہ آخری چڑھائی پر تھکن کی وجہ سے ان کی برتری کم ہو کر صرف 10 سیکنڈ رہ گئی تھی تاہم پیچھے آنے والے سائیکلسٹس انہیں نہ پکڑ سکے۔ریس میں برطانیہ کے ٹام پیڈکاک ساتویں، آئرلینڈ کے بن ہیلی دسویں جبکہ بیلجیئم کے رمکو ایونپول 12 ویں نمبر پر رہے۔