ریسکیو 1122 مانسہرہ کی ہفتہ وار کارکردگی رپورٹ جاری

ریسکیو 1122 مانسہرہ نے ہفتہ وار کارکردگی رپورٹ جاری کر دی۔ ترجمان ریسکیو 1122 مانسہرہ کے مطابق اہلکاروں نے 21 سے 27 ستمبر کے دوران ضلع بھر میں مجموعی طور پر 51 مختلف ہنگامی صورتحال پر بروقت کارروائیاں کیں، جن کے دوران 40 افراد کو ریسکیو سروسز فراہم کی گئیں۔

مانسہرہ۔ 28 ستمبر (اے پی پی):ریسکیو 1122 مانسہرہ نے ہفتہ وار کارکردگی رپورٹ جاری کر دی۔ ترجمان ریسکیو 1122 مانسہرہ کے مطابق اہلکاروں نے 21 سے 27 ستمبر کے دوران ضلع بھر میں مجموعی طور پر 51 مختلف ہنگامی صورتحال پر بروقت کارروائیاں کیں، جن کے دوران 40 افراد کو ریسکیو سروسز فراہم کی گئیں۔

ہفتہ وار اعداد و شمار کے مطابق ریسکیو ٹیموں نے 31 میڈیکل کیسز، 11 ٹریفک حادثات، 2 آتشزدگی، ایک گولی لگنے، ایک ڈوبنے اور 5 دیگر متفرق ہنگامی واقعات میں بروقت طبی و امدادی خدمات فراہم کیں۔ ریسکیو 1122 کی ریفرل سروس کے تحت 45 مریضوں کو ضلع مانسہرہ اور دیگر اضلاع کے مختلف ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔ گزشتہ ہفتے کے دوران ایمرجنسی ہیلپ لائن 1122 پر 3776 کالز موصول ہوئیں، جن میں 1460 معلوماتی/ڈراپ کالز جبکہ 2265 جعلی یا غیر متعلقہ کالز شامل تھیں۔

ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر مانسہرہ ابرار علی نے ریسکیو 1122 کے افسران و اہلکاروں کی پیشہ ورانہ خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ریسکیو اہلکار مشکل ترین حالات میں اپنی ذمہ داریاں نبھاتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے ہمیشہ صف اول میں موجود رہتے ہیں۔ انہوں نے تمام ریسکیورز کو ہدایت کی کہ وہ اسی جذبہ خدمت، نظم و ضبط اور پیشہ ورانہ ذمہ داری کے ساتھ اپنی خدمات جاری رکھیں۔