سعودی عرب میں جمعے تک بارش کا الرٹ جاری،شہریوں سے محتاط رہنے کی اپیل

سعودی عرب کے جنرل ڈائریکٹوریٹ آف سول ڈیفنس نے مملکت کے متعدد علاقوں میں آئندہ جمعے تک بارش کے حوالے سے الرٹ جاری کیا ہے۔ اردو نیوز کے مطابق موسمیات کے قومی مرکز نے بیشتر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے، ژالہ باری، گرد و غبار اور سیلابی صورتحال کا بھی امکان ہے۔

ریاض۔28ستمبر (اے پی پی):سعودی عرب کے جنرل ڈائریکٹوریٹ آف سول ڈیفنس نے مملکت کے متعدد علاقوں میں آئندہ جمعے تک بارش کے حوالے سے الرٹ جاری کیا ہے۔ اردو نیوز کے مطابق موسمیات کے قومی مرکز نے بیشتر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے، ژالہ باری، گرد و غبار اور سیلابی صورتحال کا بھی امکان ہے۔

مکہ مکرمہ ریجن درمیانے درجے سے شدید بارش کی زد میں رہے گا، اس شہر کے ساتھ الکامل، الجموم، بحیرہ، طائف، میسان، اضم اور العرضیات میں شدید بارش، ژالہ باری اور گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے جبکہ اللیث میں ہلکی سے درمیانے درجے کی بارش متوقع ہے۔ جازان، عسیر، الباحہ اور مدینہ منورہ ریجن کے علاقے درمیانے درجے سے شدید بارش جبکہ تبوک، الجوف، حائل اور حدود الشمالیہ کے علاقے ہلکی سے درمیانے درجے کی بارش کی زد میں رہیں گے۔

ڈائریکٹوریٹ آف سول ڈیفنس نے بیان میں شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے، سیلاب سے متاثرہ مقامات، وادیوں اور نشیبی مقامات سے دور رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ سرکاری چینلز اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے اعلان کردہ شہری دفاع کی ہدایات پرعمل درآمد کریں۔