پاکستان ہاکی ٹیم نے ایشین گیمز کے سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا

پاکستان ہاکی ٹیم نے ایشین گیمز کے سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔ 20ویں ایشین گیمز آئیچی ناگویا 2026 کے مینز ہاکی ایونٹ کے پول بی کے ایک اہم میچ میں قومی ہاکی ٹیم نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے عمان کو ایک طرفہ مقابلے کے بعد 2 کے مقابلے میں 7 گول سے عبرتناک شکست دے دی۔

اسلام آباد۔28ستمبر (اے پی پی):پاکستان ہاکی ٹیم نے ایشین گیمز کے سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔ 20ویں ایشین گیمز آئیچی ناگویا 2026 کے مینز ہاکی ایونٹ کے پول بی کے ایک اہم میچ میں قومی ہاکی ٹیم نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے عمان کو ایک طرفہ مقابلے کے بعد 2 کے مقابلے میں 7 گول سے عبرتناک شکست دے دی۔ اس طرح پاکستان نے سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔میچ کے آغاز سے ہی قومی کھلاڑیوں نے جارحانہ انداز اپنایا اور مسلسل حملے کر کے عمان کی دفاعی لائن کو دبائو میں رکھا۔

پاکستان کی جانب سے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے کھلاڑیوں نے شاندار فیلڈ گولز اور پینلٹی کارنرز کو گولز میں تبدیل کیا۔پاکستان کی جانب سے رانا وحید اشرف نے شاندار ہیٹ ٹرک کی ۔سفیان خان پینلٹی کارنر کے زریعے دو شاندار گولز کیے، غضنفر علی نے 1 گول اور محمد عماد نے 1 گول سکور کیا۔عمان کی جانب سے البراء النوفلی اور مدیت ایمن نے ایک ،ایک گول سکور کیا۔پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی نے ٹیم کو اس شاندار فتح پر مبارکباد پیش کی اور امید ظاہر کی ہے کہ قومی ٹیم سیمی فائنل میں بھی اسی تسلسل اور جذبے کے ساتھ فتح کا سفر جاری رکھے گی۔