ایشین گیمز 2026، والی بال کوارٹر فائنل میں پاکستان کا تاریخی کارنامہ، بھارت کو یکطرفہ مقابلے میں 0-3 سے ہرا کر پہلی بار سیمی فائنل میں داخل

جاپان کے شہر ایچی ناگویا میں جاری 20ویں ایشین گیمز کے مینز والی بال ایونٹ میں پاکستان نے شاندار اور جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے روایتی حریف بھارت کو یکطرفہ مقابلے کے بعد سٹریٹ سیٹس میں 0-3 سے شکست دے دی

ناگویا۔1اکتوبر (اے پی پی):جاپان کے شہر ایچی ناگویا میں جاری 20ویں ایشین گیمز کے مینز والی بال ایونٹ میں پاکستان نے شاندار اور جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے روایتی حریف بھارت کو یکطرفہ مقابلے کے بعد سٹریٹ سیٹس میں 0-3 سے شکست دے دی۔ اس یادگار فتح کی بدولت قومی شاہین ایشین گیمز کی تاریخ میں پہلی بار سیمی فائنل میں پہنچ گئے ہیں، جسے ملکی والی بال کی تاریخ کا سنہری باب قرار دیا جا رہا ہے۔کوارٹر فائنل کے اس اہم مقابلے میں پاکستان نے زبردست حکمت عملی، مضبوط ڈیفنس اور برق رفتار سمیشز کے ذریعے بھارتی ٹیم کو سنبھلنے کی کوئی مہلت نہ دی اور میچ سٹریٹ سیٹس میں 19-25، 23-25 اور 18-25 کے سکور سے اپنے نام کر لیا۔ میچ میں مراد خان وزیر شاندار کارکردگی کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے، جبکہ عثمان فریاد علی، حماد ارشاد، مصور خان اور آفاق خان نے بھی شاندار کھیل کا مظاہرہ کر کے فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔روایتی حریف کے خلاف کلین سویپ فتح اور تاریخ میں پہلی بار سیمی فائنل میں پہنچنے پر پاکستان والی بال فیڈریشن کی قیادت نے ٹیم کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ چیئرمین پاکستان والی بال فیڈریشن چوہدری محمد یعقوب (سابق آئی جی پولیس)نے قومی ٹیم اور پوری قوم کو اس تاریخی فتح پر دلی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ کھلاڑیوں نے اپنے غیر معمولی عزم و ہمت سے دنیا بھر میں ملک کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔ادھر صدر پاکستان والی بال فیڈریشن سہیل خاور میر نے بھی کھلاڑیوں کی انتھک محنت کو سراہتے ہوئے پوری قوم کو کامیابی کی مبارکباد پیش کی اور امید ظاہر کی کہ قومی والی بال ٹیم سیمی فائنل میں بھی اسی عزم کو برقرار رکھتے ہوئے ملک کے لیے میڈل حاصل کرے گی۔

مزید خبریں