گورنر سندھ سے دعوت اسلامی ٹرسٹ کے 7رکنی وفد کی ملاقات

گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی سے دعوت اسلامی ٹرسٹ کے 7رکنی وفد نے گورنر ہائوس میں ملاقات کی اورمذہبی ہم آہنگی، رواداری، انسانیت کی خدمت اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا

کراچی۔ 02 اکتوبر (اے پی پی):گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی سے دعوت اسلامی ٹرسٹ کے 7رکنی وفد نے گورنر ہائوس میں ملاقات کی اورمذہبی ہم آہنگی، رواداری، انسانیت کی خدمت اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا ۔جمعہ کوگورنر ہائوس سے جاری اعلامیہ کے مطابق وفد کی قیادت مرکزی رکنِ مجلسِ شوری فضیل رضا عطاری نے کی۔گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے کہا کہ دعوت اسلامی کی دکھی انسانیت اور مشکل میں پھنسے افراد کی بلا تفریق رنگ و نسل خدمت قابلِ تقلید اقدام ہے، مذہبی ہم آہنگی، رواداری اور انسانیت کی خدمت معاشرے کی بہتری کیلئے اہم ہے۔

اس موقع پر فضیل رضا عطاری نے بتایا کہ دعوت اسلامی ٹرسٹ 150ممالک میں فلاحی سرگرمیوں اور قرآن و سنت کی تبلیغ کا کام انجام دے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سماعت و گویائی سے محروم افراد کے لیے قرآنِ پاک اور اسلامی لٹریچر 28زبانوں میں شائع کرنے کا منصوبہ بھی زیرِ عمل ہے۔مرکزی رکنِ مجلسِ شوری فضیل رضا عطاری نے گورنر ہائوس کی سیرت لائبریری کے لیے سیرتِ النبی ۖ پر مبنی کتب کا تحفہ بھی پیش کیا۔ملاقات میں دعوت اسلامی ٹرسٹ کی فلاحی، سماجی اور دینی سرگرمیوں سے متعلق مختلف امور پر بھی گفتگو کی گئی۔