ڈی پی او سیالکوٹ کے نوٹس پر شہری کو اغوا کرکے تشدد کا نشانہ بنانے اور سر کے بال مونڈنے والے 4نامزد ملزمان گرفتار

ڈی پی او سیالکوٹ کے نوٹس پر شہری کو اغوا کرکے تشدد کا نشانہ بنانے اور سر کے بال مونڈنے والے 4نامزد ملزمان گرفتار

سیالکوٹ۔ 03 اکتوبر (اے پی پی):سیالکوٹ تھانہ سبز پیر کے علاقے میں مدعی ذیشان علی کے مطابق ملزمان اسے ورغلا کر مالی پور لے گئے، جہاں تشدد کا نشانہ بنایا، سر کے بال مونڈ کر ویڈیو بنائی اور دو روز تک حبسِ بے جا میں رکھا۔ واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہوئی۔ڈی پی او سیالکوٹ کیپٹن (ر) دوست محمد نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری کی ہدایت کی۔

ایس ایچ او سبز پیر سب انسپکٹر وقاص علی نے پولیس ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے مقدمے میں نامزد چاروں ملزمان اسماعیل، طاہر، فرید اور تنویر کو گرفتار کے، پابند سلاسل کر دیا ہے۔ڈی پی او سیالکوٹ نے کہا کہ شہریوں کی عزت اور جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔ کسی کو قانون ہاتھ میں لینے یا شہریوں سے غیر انسانی سلوک کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ملزمان کو قانون کے مطابق سزا دلوانے کے لیے تفتیش میرٹ پر مکمل کی جائے گی۔