ترکی اور عراق کے درمیان تیل و گیس کے شعبے میں طویل مدتی معاہدے کے لیے مذاکرات

ترکی اور عراق کے درمیان تیل و گیس کے شعبے میں طویل مدتی معاہدے کے لیے مذاکرات

بغداد ۔3اکتوبر (اے پی پی):عراق اور ترکی نے تیل و گیس کے شعبے میں تعاون کے لیے ایک طویل مدتی معاہدے تک پہنچنے کی خاطر مذاکرات شروع کر دئیے ہیں ۔ بی بی سی کے مطابق عراقی وزیرِ تیل باسم محمد خضیر اور ترکی کے وزیرِ توانائی و قدرتی وسائل الپ ارسلان بایراکتار نے انقرہ میں ملاقات کی۔عراقی وزارتِ تیل کے مطابق ملاقات میں تیل اور گیس کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی، پیٹروکیمیکل صنعت اور دونوں ملکوں کے درمیان توانائی کی تجارت کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون مضبوط بنانے پر بات چیت ہوئی۔آبنائے ہرمز کی بندش کے بعد عراق کی تیل برآمدات میں 80 فیصد سے زیادہ کمی واقع ہوئی ہے،

جس کے بعد بغداد متبادل راستوں کے ذریعے اپنی تیل کی برآمدات جاری رکھنے اور ترکی کے ساتھ طویل مدتی تعاون بڑھانے کی کوشش کر رہا ہے۔دونوں ملکوں نے ان مشکلات سے بچنے کے لیے اب متبادل ترسیلی راستوں کا رخ کیا ہے۔اگست میں ترکی کی سرکاری کمپنی ’بوتاش‘ اور عراق کی سرکاری تیل کمپنیوں ’سومو‘ اور ’این او سی‘ کے درمیان کرکوک – جیہان آئل پائپ لائن کے ذریعے خام تیل کی ترسیل بڑھانے کے لیے ایک سالہ معاہدہ بھی طے پایا تھا۔