صدر آزاد جموں و کشمیر ڈاکٹر محمد نجیب خان سے کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر و پاکستان کے کنوینر غلام محمد صفی کی قیادت میں حریت رہنماؤں کے وفد کی ملاقات
صدر آزاد جموں و کشمیر ڈاکٹر محمد نجیب خان سے کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر و پاکستان کے کنوینر غلام محمد صفی کی قیادت میں حریت رہنماؤں کے وفد کی ملاقات

مزید خبریں
اسلام آباد۔3اکتوبر (اے پی پی):صدر آزاد جموں و کشمیر ڈاکٹر محمد نجیب خان سے کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر و پاکستان کے کنوینر غلام محمد صفی کی قیادت میں حریت رہنماؤں کے وفد نے ملاقات کی۔ اس موقع پر سپیکر قانون ساز اسمبلی چوہدری طارق فاروق بھی موجود تھے ۔پی آئی ڈی آزادکشمیر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں مقبوضہ جموں و کشمیر کی تازہ صورتحال، بھارتی اقدامات، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر مؤثر انداز میں اجاگر کرنے سمیت مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔وفد میں محمد فاروق رحمانی، محمود احمد ساغر، جنرل سیکرٹری ایڈووکیٹ پرویز احمد شاہ، سید فیض نقشبندی، شیخ عبدالمتین، شیخ محمد یعقوب، چوہدری شاہین اقبال اور سیکرٹری اطلاعات امتیاز وانی شامل تھے۔
صدر آزاد جموں و کشمیر ڈاکٹر محمد نجیب خان نے کہا کہ مسئلہ جموں و کشمیر ایک بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ تنازع ہے اور اس کا حتمی حل کشمیری عوام کی امنگوں اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق ہی ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کے لیے حقِ خودارادیت دیا جانا چاہیےاور پاکستان کی جانب سے کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت قابلِ تحسین ہے۔انہوں نے کہا کہ 5 اگست 2019 کے یکطرفہ اقدامات مسئلہ کشمیر کی متنازعہ حیثیت کو تبدیل نہیں کر سکتے اور نہ ہی ایسے اقدامات کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کو ختم کر سکتے ہیں۔
عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال کا سنجیدگی سے نوٹس لے اور کشمیری عوام کے بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے مؤثر کردار ادا کرے۔انہوں نے کہا کہ کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوج، پیراملٹری فورسز اور پولیس کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں، سیاسی کارکنوں اور حریت رہنماؤں کی گرفتاریوں، اظہارِ رائے کی پابندیوں اور دیگر مبینہ زیادتیوں کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے اداروں اور عالمی مبصرین کو مقبوضہ علاقے تک آزادانہ رسائی دی جانی چاہیے تاکہ زمینی حقائق کا غیر جانب دارانہ جائزہ لیا جا سکے۔
صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ اقوام متحدہ نے کشمیری عوام سے جو وعدے کیے تھے، عالمی ادارے کو ان کی تکمیل کے لیے اپنی ذمہ داری ادا کرنی چاہیے۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ بھارت پر دباؤ ڈالے کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں پر عمل درآمد کرے اور کشمیری عوام کو ان کا بنیادی حق، حقِ خودارادیت فراہم کرے۔کنوینر غلام محمد صفی اور جملہ حریت قیادت نے ڈاکٹر محمد نجیب خان کو صدر آزاد جموں و کشمیر منتخب ہونے پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔اس موقع پر کنوینر کل جماعتی حریت کانفرنس غلام محمد صفی نے صدر آزاد کشمیر کو مقبوضہ جموں و کشمیر کی تازہ صورتحال اور حریت قیادت و کارکنوں کو درپیش مشکلات سے آگاہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ حریت کانفرنس مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے اور کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کے لیے اپنی سیاسی اور سفارتی جدوجہد جاری رکھے گی۔ملاقات میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ پاکستان اور آزاد جموں و کشمیر کی سیاسی قیادت، حریت کانفرنس اور دیگر متعلقہ حلقے مل کر عالمی سطح پر مسئلہ کشمیر کو مؤثر انداز میں اجاگر کرنے اور کشمیری عوام کی آواز دنیا تک پہنچانے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔








