سعودی وزارت داخلہ نے سکیورٹی شعور کو فروغ دینے کے لیے ’’بلاغ‘‘اقدام کا آغاز کر دیا

سعودی وزارت داخلہ نے سکیورٹی سے متعلق شعور کو فروغ دینے کے لئے ’’بلاغ ‘‘ اقدام شروع کر دیا ہے۔

ریاض۔5اکتوبر (اے پی پی):سعودی وزارت داخلہ نے سکیورٹی سے متعلق شعور کو فروغ دینے کے لئے ’’بلاغ ‘‘ اقدام شروع کر دیا ہے۔

العربیہ اردو کے مطابق گزشتہ روز سے شروع ہونے والے ’’بلاغ ‘‘ نامی اقدام کا مقصد سکیورٹی سے متعلق شعور کو فروغ دینا ہے تاکہ سماجی شراکت داری کو تقویت ملے اور سکیورٹی و سلامتی کے نظام کو سپورٹ حاصل ہو۔ اس اقدام کا مقصد سکیورٹی رپورٹس کی اہمیت کے بارے میں شعور اجاگر کرنا، یونیفائیڈ سکیورٹی آپریشنز سینٹرز (911) اور ’’کلّنا امن‘‘ ایپ کے ذریعے ان کے پیش کرنے کے طریقوں کا تعارف کرانا اور خطرات سے بچائو اور سکیورٹی کیسز پر فوری رد عمل کو یقینی بنانے کے لیے رپورٹنگ میں افراد کی شرکت کو فعال کرنا ہے۔

یہ اقدام آج سے شروع ہو کر 60 دنوں تک افراد اور سرکاری و نجی شعبے کے اداروں کو جدید اور تخلیقی خیالات پیش کرنے اور ایسا آگاہی و تخلیقی مواد تیار کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے جو سکیورٹی کلچر کو عام کرنے اور سماجی ذمہ داری کو فروغ دینے میں معاون ہو۔ اس حوالے سے شمولیت کے شعبوں میں بصری کلپوں کی تیاری، انفوگرافک ڈیزائن، تخلیقی کام اور بصری و تحریری میڈیا رپورٹس کی تیاری شامل ہے، جو سکیورٹی رپورٹس کی اہمیت اور معاشرے کے تحفظ میں ان کے کردار کو اجاگر کرتی ہیں۔ وزارت داخلہ میڈیا اور جدید مواصلاتی ذرائع کی ترقی سے ہم آہنگ ہو کر تخلیقی شرکت کی حوصلہ افزائی کرنے اور جدید طریقوں سے آگاہی پیغامات پہنچانے کے لیے ’’الشرکۃ العربیۃ للتعهدات الفنیۃ‘‘نامی کمپنی کے تعاون سے یہ اقدام نافذ کر رہی ہے۔