میکسیکو کو بڑا دھچکا، نوجوان گلبرٹو مورا ٹخنے کی انجری کے باعث چلی کے خلاف میچ سے باہر

میکسیکن فٹ بال فیڈریشن (ایف ایم ایف)نے ٹین ایج مڈفیلڈر گلبرٹو مورا کی ٹخنے کی چوٹ کے باعث چلی کے خلاف دوستانہ میچ سے باہر ہونے کی تصدیق کر دی ہے

میکسیکو سٹی۔6اکتوبر (اے پی پی):میکسیکن فٹ بال فیڈریشن (ایف ایم ایف)نے ٹین ایج مڈفیلڈر گلبرٹو مورا کی ٹخنے کی چوٹ کے باعث چلی کے خلاف دوستانہ میچ سے باہر ہونے کی تصدیق کر دی ہے۔ شنہوا کے مطابق 17 سالہ کھلاڑی گلبرٹو مورا 26 ستمبر کو کولمبیا کے خلاف 1-1 سے ڈرا ہونے والے میچ میں زخمی ہوئے تھے، جس کی وجہ سے وہ پيرو اور امریکا کے خلاف میچز میں بھی شرکت نہیں کر سکے تھے۔ فیڈریشن نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں بتایا کہ گلبرٹو مورا وقت سے پہلے اپنے کلب تیجوانا واپس لوٹ جائیں گے جبکہ معطل شدہ لیفٹ بیک میٹیو چاویژ بھی اپنے ڈچ کلب اے زیڈ الکمار واپس چلے جائیں گے۔ یاد رہے کہ آئندہ میچ میں میکسیکو اور چلی کا آمنا سامنا لاس اینجلس میں ہوگا۔