لاہور ،حفظانِ صحت کے اصولوں کی خلاف ورزیوں پر21 فوڈ پوائنٹس و یونٹس کو جرمانے

پنجاب فوڈ اتھارٹی نے اقبال ٹائون،کینال روڈ،شاہ عالم مارکیٹ،شاہپور کانجراں اور ملحقہ علاقوں میں کارروائیوں کے دوران21فوڈ پوائنٹس اور یونٹس کو بھاری جرمانے عائد کئے جبکہ حفظانِ صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر 2 واٹر پلانٹس،2 سویٹس اینڈ کیک یونٹس اور ایک معروف ڈیری پروڈکشن یونٹ کو بند کر دیا

لاہور۔6اکتوبر (اے پی پی):پنجاب فوڈ اتھارٹی نے اقبال ٹائون،کینال روڈ،شاہ عالم مارکیٹ،شاہپور کانجراں اور ملحقہ علاقوں میں کارروائیوں کے دوران21فوڈ پوائنٹس اور یونٹس کو بھاری جرمانے عائد کئے جبکہ حفظانِ صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر 2 واٹر پلانٹس،2 سویٹس اینڈ کیک یونٹس اور ایک معروف ڈیری پروڈکشن یونٹ کو بند کر دیا ۔ ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی منصور احمد نے بتایا ہے کہ فوڈ سیفٹی ٹیموں نے کارروائیوں کے دوران 26 فوڈ پوائنٹس اور یونٹس کی چیکنگ کی۔ انہوں نےکہا کہ ڈیری یونٹ کے مکھن کا سیمپل معیار پر پورا نہ اترنے پر یونٹ کوبند کرنے ساتھ جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔اسی طرح پانی کے نمونے ناقص پائے جانے پر2 واٹر پلانٹس کو بند کیا گیا جہاں پانی میں مختلف مضر صحت جراثیم کی موجودگی سامنے آئی۔انہوں نے کہا کہ صفائی کے ناقص انتظامات،اشیائے خوردونوش فرش پر رکھنے، سابقہ دی گئی ہدایات کی خلاف ورزی اور ضروری ریکارڈ و دستاویزات کی عدم موجودگی پر بھی کارروائیاں عمل میں لائی گئیں۔انہوں نے کہا کہ خوراک کے معیار اور حفظان صحت کے اصولوں پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا،فوڈ فراڈ مافیا کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائیاں جاری ہیں۔محفوظ خوراک ہر شہری کا حق ہے اور جعلساز عناصر کا خاتمہ پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ خوراک کے معیار سے متعلق کسی بھی شکایت کی صورت میں پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ہیلپ لائن 1223 پر اطلاع دیں۔