امریکی کوسٹ گارڈ نے ریاست میساچوسٹس کے قریب نینٹکٹ جزیرے کے ساحل سے سمندر میں گر کر تباہ ہونے والے میڈیکل طیارے میں سوار 6 افراد کی تلاش 66 گھنٹے کی کارروائی کے بعد معطل کر دی
امریکا میں میڈیکل طیارہ حادثہ، 6 افراد کی تلاش معطل، تمام افراد کی ہلاکت کا خدشہ ظاہر

مزید خبریں
نیویارک ۔6اکتوبر (اے پی پی):امریکی کوسٹ گارڈ نے ریاست میساچوسٹس کے قریب نینٹکٹ جزیرے کے ساحل سے سمندر میں گر کر تباہ ہونے والے میڈیکل طیارے میں سوار 6 افراد کی تلاش 66 گھنٹے کی کارروائی کے بعد معطل کر دی۔شنہوا کے مطابق کوسٹ گارڈ نے اپنے بیان میں کہا کہ اتوار کو غروب آفتاب کے وقت سمندر میں جاری تلاش کا آپریشن روک دیا گیا۔ کوسٹ گارڈ کے شمال مشرقی ضلع کے کمانڈر میتھیو لیک نے کہا کہ تلاش معطل کرنے کا فیصلہ آسان نہیں تھا اور متاثرہ خاندانوں اور ان کے عزیزوں سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔کینیڈین ایئر میڈیکل ٹرانسپورٹ کمپنی لیٹی ٹیوڈ ایئر ایمبولینس کا رجسٹرڈ یہ میڈیکل طیارہ برمودا سے بوسٹن جا رہا تھا اور اسے مقامی وقت کے مطابق رات ایک بج کر 30 منٹ پر بوسٹن میں اترنا تھا، تاہم رات ایک بجے کے کچھ دیر بعد امریکی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن سے اس کا رابطہ منقطع ہوگیا۔لیٹی ٹیوڈ ایئر ایمبولینس نے اپنے بیان میں کہا کہ حکام کی فراہم کردہ معلومات اور تلاش و امداد کا مرحلہ مکمل ہونے کے بعد کمپنی کو اس دلخراش حقیقت کا سامنا ہے کہ طیارے میں سوار اس کے چار ملازمین، مریض اور مریض کے ہمراہ موجود ایک اہل خانہ کے فرد کی ہلاکت کا خدشہ ہے۔







