ڈی پی او بٹگرام کا رات گئے تھانہ سٹی کا دورہ، جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید موثر بنانے کی ہدایت

ڈی پی او بٹگرام قمر حیات خان نے رات گئے تھانہ سٹی کا دورہ کیا اور تھانہ کا ریکارڈ ، پولیس خدمات و مجموعی کارکردگی کا جائزہ لیا

ایبٹ آباد۔ 06 اکتوبر (اے پی پی):ڈی پی او بٹگرام قمر حیات خان نے رات گئے تھانہ سٹی کا دورہ کیا اور تھانہ کا ریکارڈ ، پولیس خدمات و مجموعی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ ترجمان بٹگرام پولیس کے مطابق ڈی پی او نے اس موقع پر جرائم پیشہ عناصر، منشیات فروشوں اور دیگر سماج دشمن عناصر کے خلاف ٹارگٹڈ، موثر اور بلاامتیاز کارروائیاں مزید تیز کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے زیر تفتیش مقدمات میں پیش رفت، اشتہاری و مطلوب ملزمان کی گرفتاری اور جرائم کے سدباب کے لیے پولیس ٹیموں کو مربوط اور نتیجہ خیز حکمت عملی کے تحت کام کرنے کی ہدایت کی۔ ڈی پی او بٹگرام نے واضح کیا کہ پولیس کارکردگی کا معیار صرف مقدمات کے اندراج تک محدود نہیں بلکہ جرائم کی روک تھام ، بروقت کارروائی، موثر تفتیش اور عوامی دادرسی سے متعین ہوتا ہے۔انہوں نے پولیس افسران و اہلکاروں کو ہدایت کی کہ شہریوں سے خوش اخلاقی، انسان دوستی اور ان کی عزت نفس کا خیال رکھتے ہوئے کمیونٹی پولیسنگ کو فروغ دیا جائے اور عوام کو پولیس خدمات کی بروقت فراہمی یقینی بنائی جائے۔