راولپنڈی میں رواں سال ڈینگی کے مشتبہ کیسز کی تعداد 4 ہزار 762 تک پہنچ گئی جبکہ مجموعی طور پر 5 ہزار 161 افراد کی سکریننگ کی گئی جن میں 42 افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی۔
راولپنڈی،ڈینگی کے 42 مصدقہ کیسز، 12 مریض ہسپتالوں میں زیرعلاج

مزید خبریں
راولپنڈی۔6اکتوبر (اے پی پی):راولپنڈی میں رواں سال ڈینگی کے مشتبہ کیسز کی تعداد 4 ہزار 762 تک پہنچ گئی جبکہ مجموعی طور پر 5 ہزار 161 افراد کی سکریننگ کی گئی جن میں 42 افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی۔
محکمہ صحت کے مطابق 12 مریض ہسپتالوں میں داخل ہیں جن میں 10 مصدقہ کیسز شامل ہیں تاہم ڈینگی کے باعث تاحال کوئی ہلاکت رپورٹ نہیں ہوئی۔ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کے مطابق اکتوبر میں اب تک ڈینگی کے 12 مریض رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ ضلع بھر میں ڈینگی سرویلنس کے لئے 415 آؤٹ ڈور اور 985 ان ڈور ٹیمیں کام کر رہی ہیں اور 17 ہزار 859 ہاٹ سپاٹس رجسٹرڈ کئے گئے ہیں۔ گزشتہ ہفتے 97 فیصد علاقوں میں سرویلنس کا کام مکمل کیا گیا۔
ضلع کے 35 یونین کونسلز میں بریٹو انڈیکس 10 سے زیادہ جبکہ 32 میں 7 سے 10 کے درمیان ریکارڈ کیا گیا۔اتھارٹی کے اعداد و شمار کے مطابق ڈینگی لاروا کی موجودگی پر 52 لاکھ 69 ہزار 393 گھروں کی چیکنگ کی گئی جن میں ایک لاکھ 82 ہزار 850 گھر مثبت پائے گئے جبکہ 18 لاکھ 23 ہزار 091 مقامات کی جانچ کے دوران 25 ہزار 248 مقامات پر لاروا کی نشاندہی ہوئی اور مجموعی طور پر 2 لاکھ 80 ہزار 98 لاروا تلف کئے گئے۔ خلاف ورزیوں پر 2 ہزار 798 ایف آئی آرز، 686 سیلنگ، 2 ہزار 331 چالان اور 31 لاکھ 56 ہزار روپے جرمانے عائد کئے گئے۔








