ارجنٹائن کے بین الاقوامی شہرہ آفاق فٹبالر لیونل میسی نے 21 سالہ بین الاقوامی کیریئر کے بعد انٹرنیشنل فٹبال سے ریٹائرمنٹ لے لی۔
لیونل میسی کا آنسوئوں کے ساتھ بین الاقوامی فٹبال کو الوداع، اپنے آخری میچ میں یادگار گول کیا

مزید خبریں
بیونس آئرس۔7اکتوبر (اے پی پی):ارجنٹائن کے بین الاقوامی شہرہ آفاق فٹبالر لیونل میسی نے 21 سالہ بین الاقوامی کیریئر کے بعد انٹرنیشنل فٹبال سے ریٹائرمنٹ لے لی۔
ای ایس پی این کے مطابق بیونس آئرس میں بینن کے خلاف کھیلے گئے اپنے 208ویں اور آخری میچ میں 39 سالہ لیونل میسی نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 1 گول سکور کیا اور 2 گولز میں معاونت کی، جس کی بدولت ارجنٹائن نے 0-3 سے فتح حاصل کی۔ میچ کے 71ویں منٹ میں میسی نے پینلٹی کک پر گول داغ کر قومی ٹیم کے لیے اپنے مجموعی گولز کی تعداد 126 کر دی۔ اس سے قبل انہوں نے 48ویں منٹ میں نکولس اوٹامینڈی اور بعد ازاں نیکو پاز کو گول سکور کرنے میں مدد فراہم کی۔ 85 ہزار سے زائد تماشائیوں سے بھرے سٹیڈیم میں مداحوں اور ساتھی کھلاڑیوں نے لیونل میسی کو جذباتی انداز میں خراج تحسین پیش کیا۔
تماشائیوں ،مداحوں اور ساتھی کھلاڑیوں نے لیونل میسی کے آخری میچ کو یادگار بنانے کے لیے مسلسل ان کے نام کے نعرے لگائے۔ میچ کے 10ویں منٹ میں کھیل روک کر شائقین نے ارجنٹائن کے عظیم نمبر 10 کو خراج تحسین پیش کیا۔ ارجنٹائن کو 2 کوپا امریکہ اور 2022 کا ورلڈ کپ جتوانے والے لیونل میسی قومی ٹیم کی تاریخ میں سب سے زیادہ میچز کھیلنے اور سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی کے طور پر رخصت ہوئے ہیں۔میچ کے اختتام پر لیونل میسی نے جذباتی خطاب میں کہا کہ ارجنٹائن کی قومی ٹیم کے لیے کھیلنا ان کی زندگی میں ہونے والی سب سے خوبصورت چیز ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ قومی ٹیم کی شرٹ اور شائقین کو بہت یاد کریں گے اور اب ٹیم کے ساتھ بطور حامی کھڑے رہیں گے۔ لیونل میسی کے آخری میچ کے بعد سٹیڈیم کے آسمان پر ڈرون شو بھی پیش کیا گیا، جس میں ان کے شاندار کیریئر کے اہم لمحات دکھائے گئے، جن میں 2022 کے قطر ورلڈ کپ کی ٹرافی اٹھانے کا منظر بھی شامل تھا۔ لیونل میسی ارجنٹائن کی جانب سے سب سے زیادہ میچ کھیلنے اور سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی ہیں۔ انہوں نے 6 ورلڈ کپ ٹورنامنٹس میں شرکت کی اور 21 ورلڈ کپ گول کیے۔ ان کی قیادت میں ارجنٹائن نے 2021 اور 2024 کوپا امریکا جبکہ 2022 ورلڈ کپ جیتا۔ قومی ٹیم سے ریٹائرمنٹ کے باوجود میسی کلب فٹبال میں انٹر میامی کی نمائندگی جاری رکھیں گے۔ وہ 8 مرتبہ بیلن ڈی اور جیتنے والے دنیا کے واحد فٹبالر بھی ہیں۔








