ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سرگودھا خاور بشیر احمد کی زیر صدارت تنازعات کے حل کے لیے قائم کمیٹی کے اجلاس میں مختلف زیر سماعت مقدمات کی سماعت کی گئی
اے ڈی سی ریونیو سرگودھا کی زیرِ صدارت تنازعات کمیٹی کا اجلاس ، 22 کیسز ٹریبونل کو بھجوانے کی منظوری

مزید خبریں
سرگودھا۔ 07 اکتوبر (اے پی پی):ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سرگودھا خاور بشیر احمد کی زیر صدارت تنازعات کے حل کے لیے قائم کمیٹی کے اجلاس میں مختلف زیر سماعت مقدمات کی سماعت کی گئی۔ اجلاس میں کیسز کے ریکارڈ، متعلقہ دستاویزات اور فریقین کے مؤقف کا جائزہ لینے کے بعد 22 کیسز کو حتمی طور پر نمٹا کر مزید کارروائی اور فیصلے کے لیے ٹریبونل بھجوانے کی منظوری دی گئی۔ اے ڈی سی آر خاور بشیر احمد نے کہا کہ تنازعات کے حل کے لیے قائم کمیٹی کا بنیادی مقصد شہریوں کو ریلیف فراہم کرنا اور ان کے معاملات کو مقررہ قانونی طریقہ کار کے مطابق تیزی سے نمٹانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ زیر سماعت کیسز میں ریکارڈ اور حقائق کا مکمل جائزہ لے کر میرٹ کے مطابق کارروائی کو یقینی بنایا جا رہا ہے تاکہ شہریوں کو غیر ضروری تاخیر سے بچایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ 22 کیسز کو تمام ضروری کارروائی مکمل کرنے کے بعد ٹریبونل کو بھجوایا جا رہا ہے جہاں قانون کے مطابق مزید کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ کیسز سے متعلق ریکارڈ اور دستاویزات کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے تاکہ معاملات کو مقررہ طریقہ کار کے تحت جلد آگے بڑھایا جا سکے۔ اجلاس میں تنازعات کے حل کے لیے قائم کمیٹی کے زیر غور دیگر معاملات کا بھی جائزہ لیا گیا اور متعلقہ کیسز میں قانونی تقاضوں کے مطابق آئندہ کارروائی کے حوالے سے ضروری ہدایات جاری کی گئیں۔








