W15 اسلام آباد–ورلڈ ٹینس ویمنز فیوچرز چیمپئن شپ ، اوشنا اور ماہین نے ڈبلز میچ میں کامیابی حاصل کر لی
W15 اسلام آباد–ورلڈ ٹینس ویمنز فیوچرز چیمپئن شپ ، اوشنا اور ماہین نے ڈبلز میچ میں کامیابی حاصل کر لی

مزید خبریں
اسلام آباد۔7اکتوبر (اے پی پی):W15 اسلام آباد–ورلڈ ٹینس ویمنز فیوچرز چیمپئن شپ 2026 اوشنا اور ماہین نے تاریخ رقم کردی، ورلڈ ٹینس فیوچرز کے ڈبلز میچ میں کامیابی حاصل کرنے والی پہلی پاکستانی جوڑی بن گئیں۔ W15 اسلام آباد–ورلڈ ٹینس ویمنز فیوچرز ٹینس چیمپئن شپ 2026 کا پہلا مرحلہ اسلام آباد کے پی ٹی ایف ٹینس کمپلیکس میں جاری ہے۔چیمپئن شپ میں 17 ممالک سے تعلق رکھنے والی مجموعی طور پر 30 کھلاڑیاں شرکت کر رہی ہیں جن میں فرانس، چین، روس، ڈنمارک، میکسیکو، ازبکستان، جنوبی افریقہ، نیدرلینڈز، کوریا، نیپال، جاپان، ہانگ کانگ، جرمنی، تھائی لینڈ، ترکیہ، جمہوریہ چیک اور پاکستان شامل ہیں۔ فرانس کی ایسٹرڈ سیروٹے جو اس وقت عالمی درجہ بندی میں 624ویں نمبر پر ہیں، ٹورنامنٹ کی ٹاپ سیڈ کھلاڑی ہیں۔ پاکستان کی نمایاں کھلاڑیوں میں اوشنا سہیل، ماہین آفتاب قریشی، مہک کھوکھر، رومیسا ملک اور حاجرہ سہیل چیمپئن شپ میں حصہ لے رہی ہیں۔ یہ ایونٹ فاطمہ گروپ کے تعاون سے منعقد کیا جا رہا ہے۔
ٹورنامنٹ کے پہلے روز مجموعی طور پر 9 میچز کھیلے گئے اوشنا اور ماہین نے تاریخ رقم کردی۔ پاکستان کی نمایاں خواتین ٹینس کھلاڑیوں اوشنا سہیل اور ماہین آفتاب قریشی نے ورلڈ ٹینس ویمنز فیوچرز ٹورنامنٹ میں ڈبلز میچ جیتنے والی پہلی پاکستانی جوڑی بن کر تاریخ رقم کردی۔ W15 اسلام آباد–ورلڈ ٹینس ویمنز فیوچرز چیمپئن شپ 2026 کے پہلے راؤنڈ میں پاکستانی جوڑی نے رومیسا ملک (پاکستان) اور نیسا فنیگن (جنوبی افریقہ) کو 6-0، 6-0 سے شکست دے کر ڈبلز کے دوسرے راؤنڈ میں جگہ بنا لی۔اس تاریخی کامیابی کے ساتھ اوشنا اور ماہین نے نہ صرف ٹورنامنٹ کے اگلے مرحلے میں رسائی حاصل کی بلکہ قیمتی WTA رینکنگ پوائنٹس بھی حاصل کیے، جو پاکستان کی خواتین ٹینس کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے۔پاکستان ٹینس فیڈریشن (PTF) کے صدر مسٹر عصام الحق قریشی، سیکریٹری جنرل پی ٹی ایف کرنل ضیاء الدین طفیل (ریٹائرڈ) اور پی ٹی ایف کی پوری انتظامیہ نے اوشنا اور ماہین کو اس شاندار کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔
انہوں نے دونوں کھلاڑیوں کی تاریخی کامیابی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی یہ کامیابی پاکستان میں خواتین ٹینس کی نئی نسل کے لیے حوصلہ افزائی کا باعث بنے گی۔ خواتین سنگلز، پہلے راؤنڈ کے نتائج میں ووزوکو ملڈلوا (جنوبی افریقہ) نے ماہین آفتاب قریشی (پاکستان) کو 4–6، 7–6(7)، 7–5 سے شکست دی، ابھیلاشا بستا (نیپال) نے رومیسا ملک (پاکستان) کو 6–0، 6–1 سے شکست دی، صوفیہ سوسلووا (روس) نے لیلیا پسکون (روس) کو 0–6، 6–3، 6–1 سے شکست دی، ایلینا جمشیدی (ڈنمارک) نے مہک کھوکھر (پاکستان) کو 6–0، 6–0 سے شکست دی، سیول یولدشیوا (ازبکستان) نے اینا سمکینا (روس) کو 6–0، 6–0 سے شکست دی، انستاسیا کوپاریف (جرمنی) نے حاجرہ سہیل (پاکستان) کو 6–4، 6–1 سے شکست دی،
سوزونا اوگاوا (جاپان) نے جیونگ مون (کوریا) کو 6–2، 6–2 سے شکست دی۔خواتین ڈبلز، پہلے راؤنڈ کے نتائج ،وارونا ملڈلوا / ووزوکو ملڈلوا (جنوبی افریقہ) نے صوفیہ سوسلووا / لیلیا پسکون (روس) کو 6–3، 6–2 سے شکست دی،سوزونا اوگاوا (جاپان) / کی یاؤ چیونگ (ہانگ کانگ) نے صابرینا اولیمجانوا (ازبکستان) / واروارا روبٹسوا (روس) کو 6–2، 6–2 سے شکست دی،جولیا خرامتسووا / کسنیا لاسکوتووا (روس) نے شریفے پیلین ساری (ترکیہ) / ابھیلاشا بستا (نیپال) کو 6–1، 6–1 سے شکست دی،اوشنا سہیل / ماہین آفتاب قریشی (پاکستان) نے رومیسا ملک (پاکستان) / نیسا فنیگن (جنوبی افریقہ) کو 6–0، 6–0 سے شکست دی۔ٹورنامنٹ کے مزید میچز کل صبح 10:00 بجے شروع ہوں گے۔








