نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی (این آئی سی) سرگودھا میں حاملہ دل کی مریضہ خاتون کا پہلا کامیاب سیزیرین آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے جس کے بعد ماں اور بچہ دونوں خیریت سے ہیں
این آئی سی میں شعبہ گائنی فعال ، پہلا کامیاب سیزیرین آپریشن

مزید خبریں
سرگودھا ۔ 07 اکتوبر (اے پی پی):نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی (این آئی سی) سرگودھا میں حاملہ دل کی مریضہ خاتون کا پہلا کامیاب سیزیرین آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے جس کے بعد ماں اور بچہ دونوں خیریت سے ہیں۔ڈین میجر جنرل (ریٹائرڈ ) خرم شہزاد کے مطابق گزشتہ روز دو حاملہ خواتین کے کامیاب سیزیرین آپریشن کیے گئے جن کے ہاں بچوں کی پیدائش ہوئی۔ دونوں مائیں اور نومولود بچے خیریت سے ہیں اور ماہر طبی عملے کی زیرِ نگرانی انہیں ضروری طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی بنیادی طور پر ان حاملہ خواتین کے لیے بھی اہم طبی سہولت فراہم کر رہا ہے جو دل کے امراض میں مبتلا ہوں اور جنہیں زچگی کے دوران خصوصی کارڈیالوجی اور گائناکالوجی کی مشترکہ نگہداشت درکار ہو۔
ہسپتال انتظامیہ کے مطابق شعبہ گائنی اب مکمل طور پر فعال ہو چکا ہے اور دل کے امراض میں مبتلا حاملہ خواتین کے لیے محفوظ زچگی کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ یہ اہم کامیابی گائناکالوجسٹ، کارڈیالوجسٹ، اینستھیزیا اور دیگر طبی ماہرین پر مشتمل مشترکہ ٹیم کی انتھک محنت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا نتیجہ ہے۔نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی سرگودھا میں گائنی کی سہولیات کا فعال ہونا دل کے امراض میں مبتلا حاملہ خواتین کے لیے ایک بڑی طبی سہولت ہے اور حکومت پنجاب کے عوام کو جدید، معیاری اور محفوظ طبی سہولیات ان کی دہلیز کے قریب فراہم کرنے کے ویژن کی عملی عکاسی ہے۔ ماں اور بچے دونوں خیریت سے ہیں۔








