جانوروں کی آلائشوں اور ہڈیوں سے تیار آئل برآمد، یونٹ بند کر دیا گیا، پنجاب فوڈ اتھارٹی

ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی منصور احمد نے مانگا روڈ روہی نالے پر واقع رینڈرنگ یونٹ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 16 ٹن جانوروں کی انتڑیاں، مختلف اعضا، 700لٹر آلائشوں اور ہڈیوں سے تیار آئل اور 19 ڈرم بھیڑ کی کھال، اون برآمد کرکے یونٹ بند کردیا۔

لاہور۔7اکتوبر (اے پی پی):ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی منصور احمد نے مانگا روڈ روہی نالے پر واقع رینڈرنگ یونٹ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 16 ٹن جانوروں کی انتڑیاں، مختلف اعضا، 700لٹر آلائشوں اور ہڈیوں سے تیار آئل اور 19 ڈرم بھیڑ کی کھال، اون برآمد کرکے یونٹ بند کردیا۔

فوڈ اتھارٹی کی جانب سے جاری تفصیلات میں بتایا گیا کہ جانوروں کی انتڑیوں اور آلائشوں سے آئل تیار کرنے پر کارروائی عمل میں لائی گئی، اون ایکسپورٹ کرنے کے دعوے پر آلائشوں سے آئل کیا جا رہا تھا ، یونٹ کے پاس فیٹ رینڈرنگ اور جانوروں کے اندرونی اعضا کی پروسیسنگ کا لائسنس موجود نہ تھا، پروسیسنگ، ویسٹ مینجمنٹ اور ٹریس ایبلٹی سے متعلق ضروری ریکارڈ بھی موجود نہ تھا، آلائشوں، چربی اور جانوروں کے مختلف اعضا کے ڈھیر، گندے بدبودار ماحول میں آئل تیار کیا جا رہا تھا۔

ڈی جی فوڈ اتھارٹی راجہ منصور احمد کے مطابق یونٹ میں پروڈکشن اور سپلائی پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی، فوڈ بزنس آپریٹرز قوانین پر عملدرآمد یقینی بنائیں، بصورت دیگر سخت ایکشن ہوگا، عوام کی صحت سے کھیلنے والوں کے لیے پنجاب میں کوئی گنجائش نہیں ہے، خوراک کے نام پر انسانی صحت کو خطرے میں ڈالنے والوں کیخلاف کارروائیاں جاری ہیں۔