ایچ بی ایل پی ایس ایل 12 کا کاونٹ ڈاون شروع ہوگیا، میلہ 18 مارچ سے 2 مئی 2027 تک سجے گا۔
ایچ بی ایل پی ایس ایل 12 کا میلہ 18 مارچ سے 2 مئی 2027 تک سجے گا،ترجمان پی سی بی
مزید خبریں
لاہور۔8اکتوبر (اے پی پی):ایچ بی ایل پی ایس ایل 12 کا کاونٹ ڈاون شروع ہوگیا، میلہ 18 مارچ سے 2 مئی 2027 تک سجے گا۔ ایچ بی ایل پی ایس ایل 12 مسلسل دوسری بار آٹھ ٹیموں کے ساتھ کھیلا جائے گا، جبکہ ایچ بی ایل پی ایس ایل گورننگ کونسل اور فرنچائزز کی مشاورت کے بعد ٹورنامنٹ کی ونڈو فائنل کی گئی ہے۔ترجمان پی سی بی کیمطابق ایچ بی ایل پی ایس ایل گورننگ کونسل کا اجلاس یکم ستمبر کو لندن میں ہوا، جس میں تمام آٹھ فرنچائزز کے مالکان اور نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں لیگ کے آئندہ سیزن سمیت مختلف امور پر مشاورت کی گئی۔ایچ بی ایل پی ایس ایل 11 میں پہلی بار پلیئر ڈرافٹ کی جگہ پلیئر آکشن متعارف کرایا گیا تھا، جبکہ سیزن کے فائنل میں قذافی اسٹیڈیم میں 32 ہزار 461 تماشائیوں کی ریکارڈ شرکت دیکھنے میں آئی۔چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا کہنا ہے کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل 11 نے دنیا کو لیگ کی صلاحیت دکھائی، سیزن میں سنسنی خیز لمحات اور ریکارڈ کراڈ دیکھنے کو ملا جبکہ براڈکاسٹ کے نئے ریکارڈ بھی قائم ہوئے۔ ان کا کہنا ہے کہ ایک اور شاندار ایچ بی ایل پی ایس ایل سیزن کے انعقاد کے لیے پرعزم ہیں۔سی ای او ایچ بی ایل پی ایس ایل سلمان نصیر کیمطابق 2027 میں شائقین کی توقعات پر پورا اترنے کا عزم ہے۔ ایچ بی ایل پی ایس ایل 12 کی ونڈو کا اعلان صرف پہلا قدم ہے، آٹھوں ٹیمیں ٹائٹل کے لیے پہلے سے زیادہ پرعزم ہوں گی۔ پاکستان سمیت دنیا بھر کے لاکھوں شائقین ایچ بی ایل پی ایس ایل 12 کے منتظر ہیں اور نئے دور کا آغاز ہو چکا ہے۔پشاور زلمی نے ایچ بی ایل پی ایس ایل 11 کا ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔ پشاور زلمی نے فائنل میں حیدرآباد کنگزمن کو پانچ وکٹوں سے شکست دے کر نو سال بعد ایچ بی ایل پی ایس ایل کا ٹائٹل جیتا تھا۔ایچ بی ایل پی ایس ایل 12 کی ڈائریکٹ سائننگز کا اعلان آئندہ کیا جائے گا، جبکہ پلیئر آکشن کی تاریخ کا اعلان بھی بعد میں ہوگا۔ ایچ بی ایل پی ایس ایل 12 کے شیڈول، وینیوز اور ٹکٹنگ کی تفصیلات بھی بعد میں جاری کی جائیں گی۔







