الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ہدایات پر خواتین کے ووٹر رجسٹریشن میں صنفی فرق کم کرنے کے لیے سندھ کے 16 اضلاع میں انکلوسیو نیشنل ووٹر رجسٹریشن مہم، فیز-V جاری ہے، جس کے تحت نادرا کے تعاون سے نئے ووٹرز کے اندراج اور خواتین کی انتخابی فہرستوں میں شمولیت بڑھانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں
سندھ کے 16 اضلاع میں ووٹر رجسٹریشن مہم جاری ہے ، الیکشن کمیشن

مزید خبریں
حیدرآباد۔ 08 اکتوبر (اے پی پی):الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ہدایات پر خواتین کے ووٹر رجسٹریشن میں صنفی فرق کم کرنے کے لیے سندھ کے 16 اضلاع میں انکلوسیو نیشنل ووٹر رجسٹریشن مہم، فیز-V جاری ہے، جس کے تحت نادرا کے تعاون سے نئے ووٹرز کے اندراج اور خواتین کی انتخابی فہرستوں میں شمولیت بڑھانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ اس سلسلے میں ریجنل الیکشن کمشنر آفس حیدرآباد میں ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس ریجنل الیکشن کمشنر اظہر حسین ٹانوری کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر حیدرآباد ندیم شیخ سمیت متعلقہ محکموں کے افسران، نادرا، محکمہ سوشل ویلفیئر، لوکل گورنمنٹ، محکمہ صحت، محکمہ تعلیم اور محکمہ اطلاعات سندھ کے نمائندوں اور سماجی کارکنوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں بالخصوص تعلقہ لطیف آباد میں موبائل رجسٹریشن وینز کی تعیناتی اور مہم پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا۔ ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر ندیم شیخ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اگست 2025 میں ووٹر رجسٹریشن میں صنفی فرق 7.5 فیصد تھا جو اگست 2026 تک کم ہو کر 6.6 فیصد رہ گیا ہے، جبکہ مہم کے دوران تقریباً 11 ہزار نئے ووٹرز کا اندراج کیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ خواتین کو ووٹر رجسٹریشن کی سہولت ان کی دہلیز تک پہنچانے کے لیے ضلع حیدرآباد کے مختلف علاقوں میں موبائل رجسٹریشن وینز تعینات کی جا رہی ہیں۔ نوجوانوں اور طلبہ میں ووٹر رجسٹریشن سے متعلق آگاہی کے لیے کالجز اور جامعات میں آگاہی سیشنز بھی منعقد کیے جا رہے ہیں۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ہائر سیکنڈری کالجز میں پولنگ اسٹیشنز اور ووٹر رجسٹریشن کے طریقہ کار سے متعلق عملی مظاہرے بھی کیے گئے ہیں، تاکہ نوجوانوں کو انتخابی عمل اور رجسٹریشن کے طریقہ کار سے آگاہ کیا جاسکے۔ اجلاس میں خواتین کی انتخابی عمل میں شمولیت بڑھانے اور ووٹر رجسٹریشن کے صنفی فرق کو مزید کم کرنے پر زور دیا گیا۔ متعلقہ محکموں کے نمائندوں نے مہم کے دوران درپیش مسائل اور چیلنجز سے آگاہ کیا، جبکہ مؤثر رابطہ کاری اور باہمی تعاون کے ذریعے رجسٹریشن مہم کو مزید بہتر بنانے پر اتفاق کیا گیا۔








