کوئٹہ۔ 10 اکتوبر (اے پی پی):گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا ہے کہ صوبے کے نوجوانوں کو آگے بڑھنے، تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے اور روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہماری ترجیحات میں شامل ہے تاکہ وہ قومی دھارے میں شامل ہوکر ملک و صوبے کی تعمیر و ترقی میں بھرپور کردار ادا کر سکیں۔ پاکستان نے ہمیں خوشی اور عزت دی ہے۔ ہم اپنے قائد محمد نواز شریف کے …
نوجوانوں کو آگے بڑھنے، تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے اور روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہماری ترجیحات میں شامل ہے،گورنر بلوچستان

مزید خبریں
کوئٹہ۔ 10 اکتوبر (اے پی پی):گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا ہے کہ صوبے کے نوجوانوں کو آگے بڑھنے، تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے اور روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہماری ترجیحات میں شامل ہے تاکہ وہ قومی دھارے میں شامل ہوکر ملک و صوبے کی تعمیر و ترقی میں بھرپور کردار ادا کر سکیں۔ پاکستان نے ہمیں خوشی اور عزت دی ہے۔ ہم اپنے قائد محمد نواز شریف کے وژن اور مشن کے مطابق آگے بڑھ رہے ہیں اور صوبے کے عوام کی فلاح و بہبود اور ان کے مسائل کے حل پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پروگریسیو کلائمیٹ فاؤنڈیشن اور پاکستان مسلم لیگ ن یوتھ ونگ کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر صوبائی وزیر میر عاصم کرد گیلو، رکن قومی اسمبلی اختر بی بی، رکن صوبائی اسمبلی زرک خان مندوخیل، وزیراعظم یوتھ پروگرام بلوچستان کے فوکل پرسن سجاد رئیسانی، یونس بلوچ، چوہدری شبیر اور عبدالوہاب اٹل اچکزئی بھی موجود ہیں۔ تقریب سے خطاب میں گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ نوجوان کسی بھی ملک کا قیمتی سرمایہ اور روشن مستقبل کی ضمانت ہوتے ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ انہیں اپنی صلاحیتوں کے اظہار، عملی تربیت اور آگے بڑھنے کیلئے سازگار ماحول فراہم کیا جائے۔ نوجوانوں کو روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرنے اور انہیں معیاری تعلیم سے آراستہ کرنے کیلئے انہوں نے اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر میں بھی آواز اٹھائی ہے۔ انہیں امید ہے کہ اس سلسلے میں کی جانے والی کوششوں کے ثمرات آپ تک پہنچیں گے اور بلوچستان کے نوجوانوں کیلئے ترقی کے نئے راستے کھلیں گے۔
گورنر مندوخیل نے وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کیلئے لیپ ٹاپ کوٹے میں 18 فیصد اضافہ ایک اہم اقدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل سہولیات تک رسائی سے طلبہ کو تعلیمی میدان میں آگے بڑھنے، اپنی صلاحیتیں نکھارنے اور روزگار کے نئے مواقع حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے نوجوانوں کی بہتر رہنمائی اور انہیں مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اگر ہم نوجوان نسل کو سنبھالنے، ان کی صلاحیتوں کو نکھارنے اور انہیں درست سمت میں گامزن کرنے میں کامیاب ہو گئے تو درحقیقت ہم پورے ملک کے مستقبل کو سنوارنے میں کامیاب ہونگے۔
نوجوانوں کی تعلیم، تربیت اور کردار سازی میں سرمایہ کاری پاکستان کی ترقی اور استحکام کیلئے ناگزیر ہے۔پبلک سیکٹر یونیورسٹیوں کی کارکردگی کا ذکر کرتے ہوئے گورنر بلوچستان نے کہا کہ مسلسل محنت، موثر نگرانی اور تعلیمی معیار میں بہتری کیلئے کی جانے والی کوششوں کے نتیجے میں صوبے کی تمام پبلک سیکٹر جامعات کی رینکنگ میں دوگنا اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جامعات میں تعلیمی معیار کو مزید بہتر بنانے، تحقیقی سرگرمیوں کو فروغ دینے اور طلبہ کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ تعلیم فراہم کرنے کیلئے کوششیں جاری رکھی جائیگی۔
گورنر مندوخیل نے تنظیمی فعالیت اور نوجوانوں کو متحرک کرنے کے حوالے سے صوبائی وزیر میر عاصم کرد گیلو، رکن قومی اسمبلی اختر بی بی، رکن صوبائی اسمبلی زرک خان مندوخیل، وزیراعظم یوتھ پروگرام بلوچستان کے فوکل پرسن سجاد رئیسانی، میر عطاء اللہ احمد زئی، یونس بلوچ، چوہدری شبیر اور عبدالوہاب اٹل اچکزئی کی کوششوں کو سراہا۔ تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر میر عاصم کرد گیلو نے کہا کہ نوجوانوں کا کردار ہر شعبے اور ہر سطح پر مسلمہ ہے۔ مستقبل نوجوانوں کا ہے اور وہی اپنی محنت اور عزم کے ذریعے پاکستان اور بلوچستان کی ترقی، خوشحالی اور تعمیر و ترقی میں کلیدی کردار ادا کرینگے۔
رکن قومی اسمبلی اختر بی بی نے کہا کہ نوجوان کسی بھی ملک و قوم کا قیمتی سرمایہ اور مستقبل ہوتے ہیں۔ رکن صوبائی اسمبلی زرک خان مندوخیل نے کہا کہ ہم اپنے نوجوانوں کی مثبت رہنمائی اور انہیں درست سمت میں آگے بڑھانے کیلئے پُرعزم ہیں۔ ہماری کوشش ہے کہ نوجوانوں کی پوشیدہ صلاحیتوں کو نکھار کر انہیں ملک و قوم کے بہترین مفاد میں بروئے کار لائیں۔








