وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے بین الاقوامی یومِ دختر پر اپنے پیغام میں کہاہے کہ بیٹیاں اللہ تعالی کی رحمت اور معاشرے کا قیمتی سرمایہ ہیں، بیٹیوں کو تعلیم، صحت، تحفظ اور ترقی کے یکساں مواقع فراہم کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہاکہ بیٹیوں کو بااختیار بنا کر ہی ایک مضبوط، خوشحال اور ترقی یافتہ معاشرے کی بنیاد رکھی جا سکتی ہے، بچیوں کے …
بیٹیاں ہمارا مستقبل ، ان کی تعلیم، تحفظ و خودمختاری کیلئے اقدامات جاری رکھیں گے،مریم نواز

مزید خبریں
لاہور۔11اکتوبر (اے پی پی):وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے بین الاقوامی یومِ دختر پر اپنے پیغام میں کہاہے کہ بیٹیاں اللہ تعالی کی رحمت اور معاشرے کا قیمتی سرمایہ ہیں، بیٹیوں کو تعلیم، صحت، تحفظ اور ترقی کے یکساں مواقع فراہم کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہاکہ بیٹیوں کو بااختیار بنا کر ہی ایک مضبوط، خوشحال اور ترقی یافتہ معاشرے کی بنیاد رکھی جا سکتی ہے، بچیوں کے حقوق کے تحفظ، تعلیم کے فروغ اور انہیں خودمختار بنانے کے لیے اقدامات کی اہمیت کو اجاگر کرنے پر زور دیا جارہاہے۔
وزیراعلیٰ مریم نوازنے کہاکہ ہر بیٹی کو ایسا محفوظ اور سازگار ماحول ملنا چاہیے جہاں وہ اپنے خواب پورے کر سکے اور ملک و قوم کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرے، بیٹیوں کا حوصلہ، عزم اور صلاحیتیں دنیا کو بدلنے کی طاقت رکھتی ہیں، وہ آگے بڑھیں، حکومت ان کے ساتھ کھڑی ہے،ہماری بیٹیاں، بہنیں اور بچیاں قوم کا مستقبل ہیں، بیٹیوں کی پرورش اور دیکھ بھال نہ صرف ان کا حق ہے بلکہ یہ ایک قومی فریضہ بھی ہے۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ حکومتِ پنجاب بچیوں اور خواتین کی تعلیم، تحفظ، صحت اور فلاح و بہبود کے لیے بہترین روڈ میپ پر عمل پیرا ہے،بیٹیوں کو تعلیم کے مساوی مواقع فراہم کرنا اور ان کے روشن مستقبل کو یقینی بنانا ہماری ترجیحات میں شامل ہے،
حکومت پنجاب نے بیٹیوں کے حصولِ تعلیم میں آسانی کے لیے لیپ ٹاپ تقسیم کیے ہیں ،بیٹیوں کی تعلیم میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے اسکالرشپس فراہم کی جا رہی ہیں ،طالبات کو سکولوں اور کالجوں تک آمدورفت میں سہولت فراہم کرنے کے لیے سکوٹی اسکیم متعارف کرائی گئی ہے،بیٹیوں کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے پنک بٹن متعارف کرایا گیا ہے۔وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہاکہ خواتین کے تحفظ اور انہیں فوری پولیس معاونت فراہم کرنے کے لیے ویمن ورچوئل پولیس اسٹیشن قائم کیا گیا ہے، طالبات کو الیکٹروبس میں مفت سفر کی سہولت فراہم کی گئی ہے،بیٹیاں ہمارا مستقبل ہیں، ان کی تعلیم، تحفظ اور خودمختاری کے لیے اقدامات جاری رکھیں گے۔








