پنجاب فوڈ اتھارٹی نے لاہور کے مختلف علاقوں میں کارروائیوں کے دوران 6 فوڈ یونٹس بند ، 3 کو مجموعی طور پر4 لاکھ روپے جرمانہ عائد کر دیا جبکہ 500 کلو چکن اور مکس گوشت تلف کر دیا
پنجاب فوڈ اتھارٹی کی لاہور کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں ،6 فوڈ یونٹس بند ، 3 کو مجموعی طور پر4 لاکھ روپے جرمانہ

مزید خبریں
لاہور۔12اکتوبر (اے پی پی):پنجاب فوڈ اتھارٹی نے لاہور کے مختلف علاقوں میں کارروائیوں کے دوران 6 فوڈ یونٹس بند ، 3 کو مجموعی طور پر4 لاکھ روپے جرمانہ عائد کر دیا جبکہ 500 کلو چکن اور مکس گوشت تلف کر دیا ۔ترجمان پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق ڈی جی فوڈ اتھارٹی منصور احمد کی سربراہی میں سمن آباد،اقبال ٹائون،مرغزار،علی ٹائون،رائیونڈ روڈ اور نشتر کے علاقوں میں فوڈ یونٹس کی چیکنگ کی گئی۔کارروائی کے دوران سمن آباد،اقبال ٹائون اور مرغزار میں ڈیری یونٹس جبکہ علی ٹائون میں معروف کیش اینڈ کیری کو بند کر دیا گیا۔رائیونڈ روڈ پر واقع کولڈ سٹور اور نشتر میں معروف بیکری کو بھاری جرمانے عائد کئے گئے۔ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی منصور احمد نے بتایا ہےکہ کولڈ سٹور میں زائد المیعاد چکن،مچھلی،جھینگے،قیمہ اور پنیر موجود تھے جبکہ تازہ گوشت کے ساتھ زائد المیعاد چکن بھی ذخیرہ کیا گیا تھا۔قوانین کے برخلاف زائد المیعاد اشیا تلف کرنے کےلئے الگ جگہ مختص نہیں تھی۔ ملازمین کے میڈیکل ریکارڈ نامکمل،ٹریننگ سرٹیفکیٹس غائب،حشرات کی روک تھام کے ناکافی انتظامات، ٹوٹے فرش، ناقص سٹوریج اور تعفن زدہ ماحول پایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ فوڈ بزنس آپریٹرز قوانین پر عملدرآمد یقینی بنائیں،بصورت دیگر سخت کارروائی کی جائے گی۔عوام کی صحت سے کھیلنے والوں کے لئے کوئی گنجائش نہیں اور غیر معیاری و مضر صحت خوراک کےخلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔






