چیف ایگزیکٹو کمپری ہینسو ڈیزاسٹر ریسپانس سروسز کی پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی کی چیئرپرسن سے ملاقات

کمپری ہینسو ڈیزاسٹر ریسپانس سروسز کے بانی اور چیف ایگزیکٹو ٹوڈ شے نے پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی کے ہیڈ آفس میں چیئرپرسن حنا پرویز بٹ اور ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر لبنی نذیر سے ملاقات کی۔ ملاقات میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر خدمات، محروم طبقات کی معاونت اور خواتین و بچیوں کے تحفظ کے لیے باہمی تعاون کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا

لاہور۔13اکتوبر (اے پی پی):کمپری ہینسو ڈیزاسٹر ریسپانس سروسز کے بانی اور چیف ایگزیکٹو ٹوڈ شے نے پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی کے ہیڈ آفس میں چیئرپرسن حنا پرویز بٹ اور ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر لبنی نذیر سے ملاقات کی۔ ملاقات میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر خدمات، محروم طبقات کی معاونت اور خواتین و بچیوں کے تحفظ کے لیے باہمی تعاون کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ٹوڈ شے نے موسیقی سے انسانی خدمت تک کے سفر پر مبنی اپنی زندگی کے تجربات بیان کیے۔ وہ تقریبا دو دہائیوں سے پاکستان میں انسانی امداد اور ترقیاتی سرگرمیوں سے وابستہ ہیں۔ انہوں نے2005 کے زلزلے کے بعد پاکستان میں سی ڈی آر ایس کی بنیاد رکھی اور قدرتی آفات سے متاثرہ افراد کی امداد اور محروم طبقات کی معاونت کے لیے کام جاری رکھا۔ ٹوڈ شے کی قائم کردہ سی ڈی آر ایس پاکستان میں پینے کے صاف پانی کے 789 سے زائد منصوبے مکمل کر چکی ہے، جبکہ گھروں اور اسکولوں کی تعمیر اور نوجوانوں میں قائدانہ صلاحیتوں کے فروغ کے لیے بھی اقدامات کیے گئے ہیں۔

ادارے نے2022 کے سیلاب سمیت مختلف ہنگامی حالات میں امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیا۔ چیئرپرسن حنا پرویز بٹ نے پاکستان کے محروم اور ضرورت مند طبقات کی مدد کے لیے ٹوڈ شے اور ان کی تنظیم کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ خواتین اور بچیوں کو تحفظ اور معاونت فراہم کرنے کے لیے سرکاری اداروں اور انسانی خدمت کے لیے کام کرنے والی تنظیموں کے درمیان تعاون اہمیت رکھتا ہے۔ ڈی جی پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی ڈاکٹر لبنی نذیر نے ٹوڈ شے کو گھریلو تشدد اور دیگر اقسام کے تشدد کا سامنا کرنے والی خواتین کو اتھارٹی کی جانب سے فراہم کی جانے والی خدمات کے بارے میں آگاہ کیا۔ ملاقات میں پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی اور سی ڈی آر ایس کے درمیان ضرورت مند خواتین اور بچیوں کو تحفظ ، قانونی معاونت فراہم کرنے اور محفوظ رہائش کے لیے متعلقہ اداروں سے رابطے اور دیگر خدمات کی فراہمی کے حوالے سے مستقبل میں تعاون کے امکانات پر بھی گفتگو ہوئی۔

حنا پرویز بٹ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سرکاری اداروں اور فلاحی تنظیموں کے درمیان اشتراک کو فروغ دے کر محروم طبقات تک مو ثر معاونت پہنچانے اور خواتین و بچیوں کے تحفظ کو مزید بہتر بنانے کے لیے اقدامات کیے جا سکتے ہیں۔

 

مزید خبریں