بین الاقوامی یومِ سفید چھڑی کے موقع پر ضلعی انتظامیہ جہلم کے زیرِ اہتمام گورنمنٹ روہتاس اسپیشل ایجوکیشن سینٹر برائے بصارت سے محروم بچے، جہلم کے اشتراک سے ایک خصوصی آگاہی ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی کی قیادت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر انفورسمنٹ سارہ امجد نے کی
جہلم ،بین الاقوامی یومِ سفید چھڑی کے موقع پر بصارت سے محروم طلباء کے حقوق، خودمختاری اور سماجی شمولیت کے فروغ کے لیے آگاہی ریلی

مزید خبریں
جہلم۔ 15 اکتوبر (اے پی پی):بین الاقوامی یومِ سفید چھڑی کے موقع پر ضلعی انتظامیہ جہلم کے زیرِ اہتمام گورنمنٹ روہتاس اسپیشل ایجوکیشن سینٹر برائے بصارت سے محروم بچے، جہلم کے اشتراک سے ایک خصوصی آگاہی ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی کی قیادت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر انفورسمنٹ سارہ امجد نے کی، جنہوں نے بصارت سے محروم طلباء کے حقوق کے تحفظ، خودمختاری اور معاشرے میں ان کے باوقار مقام کے فروغ کے لیے اجتماعی کاوشوں کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ریلی کا آغاز ڈپٹی کمشنر آفس جہلم سے ہوا اور مقررہ راستے سے ہوتی ہوئی انصاف چوک پر اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی میں بصارت سے محروم طلباء، سول سوسائٹی، سرکاری محکموں، صحافی برادری، وکلاء، چیمبر آف کامرس کے نمائندگان، تاجر برادری اور شہریوں نے بھرپور شرکت کی۔
شرکاء کی بڑی تعداد نے خصوصی طلباء کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ان کے حقوق، مساوی مواقع اور معاشرتی شمولیت کے عزم کا اعادہ کیا۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر انفورسمنٹ سارہ امجد اور دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بصارت سے محروم طلباء معاشرے کا باصلاحیت اور قابلِ قدر حصہ ہیں، جنہیں تعلیم، آمدورفت، روزگار اور زندگی کے دیگر شعبوں میں مساوی مواقع اور ضروری سہولیات فراہم کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ صحافی برادری نے ان کے مسائل اجاگر کرنے، وکلاء نے قانونی و آئینی حقوق کے تحفظ، جبکہ تاجر برادری نے معاشی خودمختاری اور روزگار کے مواقع میں تعاون کے عزم کا اظہار کیا۔ مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ بصارت سے محروم افراد کے لیے سازگار ماحول اور ضروری سہولیات کی فراہمی یقینی بنا کر انہیں معاشرے کا خودمختار، فعال اور باوقار حصہ بنایا جائے۔







