اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب کا کرپٹ عناصر کے خلاف آپریشن ، اب تک 600 افراد کو گرفتار کر لیا گیا

اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب نے صوبے بھر میں کرپٹ عناصر کے خلاف جاری میگا آپریشن کے دوران اب تک 600 سے زائد افراد کو گرفتار کر لیا ہے، جن میں 341 سرکاری ملازمین کو رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا جبکہ مختلف شکایات پر انکوائری مکمل ہونے کے بعد کرپشن کے الزامات میں 256 افراد کو حراست میں لیا گیا ہے

لاہور ۔15اکتوبر (اے پی پی):اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب نے صوبے بھر میں کرپٹ عناصر کے خلاف جاری میگا آپریشن کے دوران اب تک 600 سے زائد افراد کو گرفتار کر لیا ہے، جن میں 341 سرکاری ملازمین کو رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا جبکہ مختلف شکایات پر انکوائری مکمل ہونے کے بعد کرپشن کے الزامات میں 256 افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔ ترجمان اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب کے مطابق صوبے بھر میں کرپشن کے خاتمے اور سرکاری اداروں کو بدعنوان عناصر سے پاک کرنے کے لیے خصوصی مہم جاری ہے اور اس سلسلے میں بلاامتیاز کارروائیاں عمل میں لائی جا رہی ہیں۔ترجمان عبدالوہاب کے مطابق اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ لاہور ریجن اے نے 24 جبکہ لاہور ریجن بی نے 30 افراد کو رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا۔ اسی طرح گوجرانوالہ ریجن میں 52، فیصل آباد ریجن میں 26 اور راولپنڈی ریجن میں 37 افراد کو ٹریپ ریڈ کے دوران رشوت لیتے ہوئے گرفتار کیا گیا۔ سرگودھا ریجن میں 25، ساہیوال ریجن میں 22، ملتان ریجن میں 57، بہاولپور ریجن میں 29 جبکہ ڈیرہ غازی خان ریجن میں 39 افراد کو رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑا گیا۔ترجمان نے بتایا کہ کرپشن کی مختلف شکایات پر تحقیقات اور انکوائریوں کے بعد بھی ملزمان کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔

اس سلسلے میں لاہور ریجن اے سے 15 اور لاہور ریجن بی سے 18 افراد کو گرفتار کیا گیا جبکہ گوجرانوالہ ریجن سے 47، فیصل آباد ریجن سے 38 اور راولپنڈی ریجن سے ایک سرکاری ملازم کو کرپشن کے الزامات ثابت ہونے پر گرفتار کیا گیا۔ اسی طرح سرگودھا ریجن سے 12، ساہیوال ریجن سے 22، ملتان ریجن سے 40، بہاولپور ریجن سے 46 اور ڈیرہ غازی خان ریجن سے 17 افراد کو کرپشن کے الزامات کے تحت حراست میں لیا گیا۔ترجمان اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب کا کہنا تھا کہ کرپشن کے خلاف جاری خصوصی مہم کے تحت صوبے کے تمام ریجنز میں کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے اور بدعنوانی میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن فری پنجاب کے وژن کے تحت سرکاری اداروں میں شفافیت کو یقینی بنانے اور عوام کو کرپشن سے پاک ماحول فراہم کرنے کے لیے بھرپور کوششیں کی جا رہی ہیں۔ترجمان نے واضح کیا کہ کرپٹ عناصر کے خلاف کارروائیوں میں کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی اور بدعنوانی میں ملوث افراد کو قانون کے کٹہرے میں لانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ کرپشن کے خاتمے کے لیے جاری مہم کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے تاکہ سرکاری اختیارات کے ناجائز استعمال اور رشوت ستانی میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔