وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق صوبے میں سیاحت کے فروغ، مقامی ثقافت کے تحفظ اور علاقائی روایات کو اجاگر کرنے کے لیے ضلعی انتظامیہ جھنگ کے زیر اہتمام پہلی جھنگ ڈیزرٹ ریلی 2026 اور تین روزہ ثقافتی فیسٹیول کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ڈپٹی کمشنر جھنگ بابر صاحب دین نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ یہ تین روزہ ایونٹ 16، 17 اور …
شورکوٹ ،جھنگ ڈیزرٹ ریلی قدرتی اور ثقافتی خصوصیات کو اجاگر کرنے اور ضلع کو ایک نمایاں سیاحتی مقام کے طور پر اہم قدم ہے،ڈپٹی کمشنر

مزید خبریں
شورکوٹ۔ 15 اکتوبر (اے پی پی):وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق صوبے میں سیاحت کے فروغ، مقامی ثقافت کے تحفظ اور علاقائی روایات کو اجاگر کرنے کے لیے ضلعی انتظامیہ جھنگ کے زیر اہتمام پہلی جھنگ ڈیزرٹ ریلی 2026 اور تین روزہ ثقافتی فیسٹیول کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ڈپٹی کمشنر جھنگ بابر صاحب دین نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ یہ تین روزہ ایونٹ 16، 17 اور 18 اکتوبر کو تحصیل اٹھارہ ہزاری کے تھل ڈیزرٹ، رحمت آباد میں منعقد ہوگا۔ ریلی میں 90 کلومیٹر طویل ٹریک پر جیپ ریس کا انعقاد ہو گا جس میں خواتین جیپ ڈرائیورز سمیت ملک بھر سے تقریباً 100 بہترین ڈرائیورز اور رائیڈرز شرکت کریں گے۔پریس کانفرنس میں سابق ممبر صوبائی اسمبلی فیصل حیات جبوآنہ، مکرم وحید شیخ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز بھی موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر بابر صاحب دین نے کہا کہ جھنگ ڈیزرٹ ریلی کے انعقاد کا بنیادی مقصد ضلع جھنگ کی منفرد شناخت، صحرائی خوبصورتی، ثقافت، روایات اور سیاحتی مقامات کو ملکی و بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنا ہے۔ اس ایونٹ سے علاقے میں سیاحتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا اور مقامی معیشت کو بھی تقویت حاصل ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ تھل کے وسیع صحرائی علاقے میں 90 کلومیٹر طویل ٹریک پر جیپ ڈرائیونگ اور ایڈونچر کے شوقین افراد کو ایک منفرد تجربہ حاصل ہوگا۔ریلی کے ساتھ منعقد ہونے والے تین روزہ ثقافتی فیسٹیول میں نیزہ بازی، کبڈی، والی بال، پیراگلائیڈنگ اور دیگر رنگا رنگ ثقافتی و تفریحی سرگرمیوں کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔ڈپٹی کمشنر نے مزید بتایا کہ فیسٹیول میں شرکت کے لیے آنے والے شہریوں اور سیاحوں کی سہولت کے لیے فوڈ کورٹس اور رہائشی کیمپس بھی قائم کیے گئے ہیں تاکہ شرکاء کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں اور وہ اس ایونٹ سے بھرپور لطف اندوز ہو سکیں۔انہوں نے کہا کہ ضلع جھنگ کا وسیع صحرائی خطہ، تقریباً 6 ہزار مربع کلومیٹر پر محیط تھل کا علاقہ، دریائے چناب اور دریائے جہلم کا سنگم اور قدیم تہذیبی و ثقافتی ورثہ اس ضلع کو ایک منفرد مقام عطا کرتے ہیں۔ جھنگ ڈیزرٹ ریلی ان قدرتی اور ثقافتی خصوصیات کو اجاگر کرنے اور ضلع کو ایک نمایاں سیاحتی مقام کے طور پر متعارف کرانے کی جانب اہم قدم ہے۔
ڈپٹی کمشنر بابر صاحب دین اور تمام اسٹیک ہولڈرز نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ضلعی انتظامیہ جھنگ سیاحت کے فروغ، مقامی ثقافت کے تحفظ اور ضلع میں مثبت تفریحی سرگرمیوں کے انعقاد کے لیے اپنی کاوشیں جاری رکھے گی۔







