گورنر خیبرپختونخوا کا کے پی کے پولیس کےلئے ریلیف پیکج کا اعلان
گورنر خیبرپختونخوا کا کے پی کے پولیس کےلئے ریلیف پیکج کا اعلان

مزید خبریں
پشاور۔ 16 اکتوبر (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کے پی کے پولیس کے لیے تاریخی ریلیف پیکج کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ خیبرپختونخواپولیس کےشہدا،زخمی اہلکاروں اورخاندانوں کےلئےمعاوضوں اورمراعات میں ریکارڈ اضافے کی منظوری دے دی گئی ہے۔ تر جمان گورنر ہاوس پشاورکے مطابق گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے اپنے ویڈیو پیغام میں کے پی کے پولیس کیلئے ریلیف پیکج کا اعلان کیا۔اس موقع پر گورنرخیبرپختونخوا کی پولیس اہلکاروں اور شہدا کے خاندانوں کی مدد کے لیے بینکوں اورکارپوریٹ کمپنیوں کے ساتھ مل کر کام کرنے کی ہدایت کی۔
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ شہدا پیکج کے تحت کانسٹیبل سے انسپکٹر تک معاوضہ ایک کروڑ 10 لاکھ سے بڑھا کرایک کروڑ 70 لاکھ روپے کردیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈی ایس پی اور اے ایس پی رینک کے شہدا کا معاوضہ ایک کروڑ 60 لاکھ سے بڑھا کر ڈھائی کروڑ روپے کر دیا گیا۔انہوں نے کہا کہ گریڈ 18 اور19 کے شہدا کا معاوضہ دو کروڑ 10 لاکھ سے بڑھا کر تین کروڑ روپے مقرر کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ گریڈ 20 اور اس سے اوپر کے شہدا کا معاوضہ دو کروڑ10 لاکھ سے بڑھا کر ساڑھے تین کروڑ روپے کر دیا گیا۔انہوں نے کہا کہ پولیس شہدا کے ورثاء کے لیے پلاٹ کی جگہ براہِ راست مالی معاونت کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ کانسٹیبل سے انسپکٹر تک شہداکے ورثاء کو 5 مرلہ پلاٹ کی جگہ ایک کروڑ 80 لاکھ روپے دیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ڈی ایس پی اور اے ایس پی رینک کے شہدا کے ورثاء کو رہائشی معاونت کے لیے ڈھائی کروڑ روپے دینے کی منظوری دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ گریڈ 18 اور 19 کے شہدا کے ورثاء کو 10 مرلہ پلاٹ کی جگہ ساڑھے تین کروڑ روپے مالی معاونت دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ گریڈ 20 اور اس سے اوپر کےپولیس شہداکے ورثاء کو ایک کنال پلاٹ کی جگہ7 کروڑ روپے دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دورانِ ڈیوٹی زخمی اہلکاروں کا پیکج 1 لاکھ سے بڑھا کر 15 لاکھ جبکہ مستقل معذوری پر 50 لاکھ روپے دینے کی منظوری دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ اہلکاروں کے شریکِ حیات یا بچوں کی وفات پر 50 لاکھ اور والدین یا بہن بھائیوں کی وفات پر 30 لاکھ روپے مالی امداد دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ شہدا کی بیٹیوں کی شادی کے لیے 10 لاکھ روپے بطور خصوصی تحفہ دیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ شہداکے خاندان ہمارا فخر ہیں، اور ان کی دیکھ بھال ہماری ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس کےلیے یہ ریلیف پیکج ان کی قربانیوں کا اعتراف ہے۔








