چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی فرحان اسلم کی ہدایات پر راولپنڈی ٹریفک پولیس نے ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کی صورتحال کا جائزہ لینے، خلاف ورزیوں کی نشاندہی اور ان کے تدارک کے لیے ڈیجیٹل مانیٹرنگ سروے کا آغاز کر دیا ہے، جس کے تحت اولڈ ایئرپورٹ روڈ پر آٹھ گھنٹوں کے دوران 47 ہزار 898 گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی آمدورفت ریکارڈ کی گئی
راولپنڈی میں ٹریفک کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ سروے کا آغاز

مزید خبریں
راولپنڈی ۔16اکتوبر (اے پی پی):چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی فرحان اسلم کی ہدایات پر راولپنڈی ٹریفک پولیس نے ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کی صورتحال کا جائزہ لینے، خلاف ورزیوں کی نشاندہی اور ان کے تدارک کے لیے ڈیجیٹل مانیٹرنگ سروے کا آغاز کر دیا ہے، جس کے تحت اولڈ ایئرپورٹ روڈ پر آٹھ گھنٹوں کے دوران 47 ہزار 898 گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی آمدورفت ریکارڈ کی گئی، جبکہ سروے کے دوران مجموعی طور پر 17 فیصد ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیاں نوٹ کی گئیں۔ڈیجیٹل مانیٹرنگ سروے کے اعدادوشمار کے مطابق اولڈ ایئرپورٹ روڈ سے آٹھ گھنٹوں کے دوران گزرنے والی ٹریفک میں 28 ہزار 282 گاڑیاں اور 19 ہزار 616 موٹر سائیکلیں شامل تھیں۔ سروے کے دوران 9 فیصد گاڑیوں کی جانب سے لین اور لائن کی خلاف ورزیاں ریکارڈ کی گئیں، جبکہ 2 فیصد موٹر سائیکل سواروں نے ون وے کی خلاف ورزی کی۔
اعدادوشمار کے مطابق 94 فیصد موٹر سائیکل سوار ہیلمٹ استعمال کر رہے تھے، جبکہ 91 فیصد گاڑیوں میں سیٹ بیلٹ کا استعمال ریکارڈ کیا گیا۔چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی فرحان اسلم نے کہا کہ شہر کی مختلف شاہراہوں پر ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کی صورتحال جانچنے کے لیے ہر سرکل اور سیکٹر میں روزانہ کی بنیاد پر ڈیجیٹل ڈیٹا اکٹھا کیا جائے گا، جس سے ٹریفک کے بہاؤ، قوانین کی خلاف ورزیوں اور شہریوں کو درپیش مسائل کی نشاندہی میں مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل سروے کا مقصد زمینی حقائق کے مطابق ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کا جائزہ لینا اور حاصل ہونے والے اعدادوشمار کی روشنی میں مؤثر اقدامات کرنا ہے۔ اس عمل سے شہریوں کو محفوظ سفری سہولیات کی فراہمی، سفر کے دورانیے میں بہتری اور شاہراہوں پر ٹریفک حادثات کی روک تھام میں مدد ملے گی۔








