گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے آغا خان یوتھ اینڈ اسپورٹس بورڈ فار پاکستان کے زیرِ انتظام کیمپوری 2026 میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ شاہ کریم ہاسٹل گراؤنڈ گلگت پہنچنے پر صدر شیعہ امامی اسماعیلی ریجنل کونسل برائے گلگت، انجینئر اقبال رسول، ریجنل سیکریٹری لال بیگم، آغا خان یوتھ اینڈ اسپورٹس بورڈ کے منتظمین اور دیگر عہدیداران نے گورنر گلگت بلتستان کا استقبال کیا
گورنر گلگت بلتستان کی کیمپوری 2026 میں شرکت، نوجوانوں کی شخصیت سازی اور خدمتِ خلق پر زور

مزید خبریں
گلگت۔ 16 اکتوبر (اے پی پی):گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے آغا خان یوتھ اینڈ اسپورٹس بورڈ فار پاکستان کے زیرِ انتظام کیمپوری 2026 میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ شاہ کریم ہاسٹل گراؤنڈ گلگت پہنچنے پر صدر شیعہ امامی اسماعیلی ریجنل کونسل برائے گلگت، انجینئر اقبال رسول، ریجنل سیکریٹری لال بیگم، آغا خان یوتھ اینڈ اسپورٹس بورڈ کے منتظمین اور دیگر عہدیداران نے گورنر گلگت بلتستان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر آغا خان یوتھ اینڈ اسپورٹس بورڈ فار پاکستان کے نیشنل ممبر عمران میر نے گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ کو پاکستان اسکاؤٹس کا اسکارف پہنایا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے کہا کہ نوجوان ہمارا مستقبل ہیں اور اسکاؤٹنگ، گرل گائیڈنگ اور اس نوعیت کی مثبت سرگرمیاں نوجوانوں کی شخصیت سازی، صلاحیتوں میں اضافے اور روشن مستقبل کی راہ ہموار کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
ایسی سرگرمیوں سے نوجوانوں میں نظم و ضبط، باہمی تعاون، ذمہ داری اور خدمتِ خلق کا جذبہ فروغ پاتا ہے، جو ایک بہتر معاشرے کی تشکیل کے لیے ضروری ہے۔گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے کیمپوری 2026 میں شریک 300 سے زائد اسکاؤٹس اور گرل گائیڈز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کی جانب سے اپنا قیمتی وقت ایسی مثبت سرگرمیوں کے لیے وقف کرنا قابلِ ستائش ہے۔ اسکاؤٹنگ محض ایک سرگرمی نہیں بلکہ خدمتِ انسانیت، رضاکارانہ خدمات اور معاشرتی ذمہ داری کا جذبہ پیدا کرنے کا مؤثر ذریعہ ہے۔ نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ اپنی صلاحیتوں کو معاشرے کی بہتری اور عوامی خدمت کے لیے بروئے کار لائیں۔گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے شیعہ امامی اسماعیلی ریجنل کونسل اور آغا خان یوتھ اینڈ اسپورٹس بورڈ کے منتظمین کو نوجوانوں کے لیے ایک بہترین اور بامقصد ایونٹ منعقد کرنے پر خراجِ تحسین پیش کیا۔








