نیشنل ویمنز ٹی20 ٹورنامنٹ2026-27 کے نویں اور دسویں میچ میں اسٹرائیکرز نے انونسبلز کو پانچ وکٹوں جبکہ چیلنجرز نے اسٹارز کو چھ رنز سے شکست دے دی۔ دونوں میچز جمعہ کو فیصل آباد میں کھیلے گئے
چیلنجرز کی جانب سے مہنور زیب پلیئر آف دی میچ قرار

مزید خبریں
لاہور۔16اکتوبر (اے پی پی):نیشنل ویمنز ٹی20 ٹورنامنٹ2026-27 کے نویں اور دسویں میچ میں اسٹرائیکرز نے انونسبلز کو پانچ وکٹوں جبکہ چیلنجرز نے اسٹارز کو چھ رنز سے شکست دے دی۔ دونوں میچز جمعہ کو فیصل آباد میں کھیلے گئے۔ جواد کلب کرکٹ گرائونڈ میں کھیلے گئے نویں میچ میں اسٹرائیکرز نے انونسبلز کی جانب سے دیا گیا 100 رنز کا ہدف 18 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ اوماعمہ سہیل نے54 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی جبکہ نٹالیا پرویز 20 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہیں۔
اس سے قبل انونسبلز نے مقررہ 20 اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 99 رنز بنائے۔ تاسمیہ رباب34 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہیں جبکہ گل فیروزہ نے25 رنز اسکور کیے۔ اسٹرائیکرز کی جانب سے رامین شمیم نے 12 رنز دے کر چار وکٹیں حاصل کیں جبکہ تانیا سعید نے 16 رنز کے عوض تین کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ انوِنسبلز کی جانب سے تاسمیہ رباب نے 20 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ سیدہ عروب شاہ نے 23 رنز کے عوض دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ اوماعمہ سہیل اور رامین شمیم کو مشترکہ طور پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔
بوہڑنوالی گرائونڈ میں کھیلے گئے دسویں میچ میں چیلنجرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 149 رنز بنائے۔ عائشہ ظفر نے 71 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ کومل خان نے 31 رنز اسکور کیے۔ اسٹارز کی جانب سے عائشہ رحمان نے 25 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔جواب میں اسٹارز کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر143 رنز بنا سکی اور چھ رنز سے میچ ہار گئی۔ ارم جاوید نے52 جبکہ صدف شمس نے 50 رنز کی نصف سنچریاں اسکور کیں۔ چیلنجرز کی جانب سے مہنور زیب نے 20 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں اور اپنی ٹیم کو کامیابی دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔ مہنور زیب کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔








